• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاریخی بابری مسجد کی شہادت 28 سال مکمل، غم آج بھی تازہ ہے، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے تاریخی بابری مسجد کی شہادت کے 28 سال مکمل ہونے پر کہا کہ آج کے دن نے غم کی یاد تازہ کردی۔

ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے انتہا پسندوں نے ریاستی سرپرستی میں بابری مسجد کو شہید کیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت میں اس طرح کا اقدام مسلمان مخالف، مذہبی آزادی اور عالمی اصولوں کی خلاف ورزی تھا۔


دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت میں تاریخی مسجد کی شہادت کا یہ اقدام نہ صرف مسلمانوں بلکہ باشعور دنیا کے دماغوں میں آج بھی تازہ ہے۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ بابری مسجد کی شہادت نام نہاد جمہوری بھارت کے ماتھے پر سیاہ داغ ہے جبکہ بھارتی سپریم کورٹ کے ناقص فیصلے سے رام مندر کی تعمیر کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

دفتر خارجہ نے بھارت میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں کو منظم انداز میں نشانہ بنانے کی مذمت کی اور کہا کہ ہندو انتہا پسندوں کے حملے بدستور جاری ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مسلم مخالف اقدامات کے ذریعے بھارت میں مسلمانوں کو خوفزدہ کیا جارہا ہے، بی جے پی کے مذموم ارادے دراصل انتہاپسندانہ نظریہ کی بڑھتی لہر کے عکاس ہیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں کورونا وائرس پھیلانے میں بھی مسلمانوں کو ہی قصوروار ٹھہرایا گیا۔

ترجمان نے بھارت سے مطالبہ کیا وہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں، ان کی عبادتگاہوں اور مقدس مقامات کا تحفظ کرے۔

تازہ ترین