• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، ملک بھر میں مزید 58 ہلاکتیں


کراچی (جنگ نیوز) ملک بھرمیں24گھنٹے کے دوران مزید 58ہلاکتیں، سابق چیئرمین پبلک سروس کمیشن آزاد کشمیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) محسن کمال بھی چل بسے، مثبت کیسز کی مجموعی شرح7.9فیصد ہوگئی، ادھر روس نے پاکستان کو کورونا ویکسین فروخت کرنے کی پیشکش کردی۔ 

این سی او سی کے مطابق 24گھنٹے کے دوران 41ہزار 645کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں 3ہزار 308نئے کیسز سامنے آئے، مہلک وائرس سے اب تک 4لاکھ 16ہزار 499شہری متاثر ہو چکے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 53ہزار 126تک پہنچ گئی، صوبہ سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 82 ہزار 473 کیسز سامنے آئی ہیں، پنجاب میں ایک لاکھ 22 ہزار 955 افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔ 

خیبر پختونخوا میں 49 ہزار 220، بلوچستان میں 17 ہزار 440 جبکہ آزاد جموں کشمیر میں 7 ہزار 278 افراد وبا میں مبتلا ہوئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 4 ہزار 719 اور اسلام آباد میں 32 ہزار414 بتائی گئی ہے۔

ملک بھر میں کورونا سے متاثر 2ہزار 436مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 3 لاکھ 55 ہزار 12 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں،ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 8ہزار361 تک پہنچ گئی ہے۔

ادھر آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے سابق ریٹائرڈ جنرل محسن کمال جو چیئرمین پبلک سروس کمیشن بھی رہ چکے ہیں، کورونا کی وباء کے باعث انتقال کرگئے۔

مزید برآںروس نے اپنی تیار کردہ کورونا وائرس کی ویکسین ʼاسپوتنک Vʼ پاکستان کو فراہم کرنے کی پیشکش کردی ہے،ترجمان دفتر خارجہ نے روس کی پیشکش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستان کوویڈ 19 ویکسین کے بروقت حصول کےلیے متعدد ذرائع سے رابطے میں ہے۔

پاکستان کی کوشش ہے کہ بہترین قیمت پر مؤثر ترین ویکسین حاصل کی جائے، اس حوالے سے روسی حکومت سے ایک تجویز موصول ہوئی تھی، اس تجویز کے مسودے کو وزارت قومی صحت بھجوایا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق وزارت صحت اس حوالے سے قواعد، نتائج اور ٹیسٹ کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لے رہی ہے۔

تازہ ترین