• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم جلسوں کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، شبلی فراز

لاہور‘اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فرازنے کہا ہے کہ کوروناکے حوالے سے حالیہ اعداد و شمار تشویش ناک ہیں‘ سیاسی اجتماعات کورونا پھیلانےکا سبب بن رہےہیں‘اپوزیشن آخر کب تک معصوم عوام کی جانوں سے یونہی کھیلتی رہے گی؟ 

اتوار کو اپنے بیان میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پشاور اور ملتان جلسوں کے بعد ان شہروں میں کوروناکیسز اور شرح اموات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

ان اجتماعات کا انعقاد قانون اور ایس او پیز کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے ‏اپوزیشن رہنما خود تو گھر کے پرآسائش ماحول میں قرنطینہ ہیں جبکہ کارکنان اورعوام کو ذاتی سیاسی مفاد کےتحفظ کیلئے ایندھن کے طور پراستعمال کیاجارہا ہے۔ 

کورونا سے اپنوں کو کھونے والے باشعورعوام اپوزیشن رہنمائوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ ادھر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارکا کہنا ہے کہ کوروناکے پھیلاؤکا باعث بننے والا ہر جلسہ غیر قانونی ہے ‘ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت ایکشن لیا جائے گا-اجتماعات پر پابندی ہے‘ خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق صوبے میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ایکسپوسنٹر لاہور میں کورونا فیلڈ اسپتال کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی پنجاب نے اتوار کو فیلڈاسپتال کادورہ کیا اور وہاں کورونا مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت ایکشن لیا جائے گا‘اجتماعات پر پابندی ہے، خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔ اپوزیشن اجتماعات کے ذریعے عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے-غیر قانونی اجتماعات پر قانون حرکت میں آئے گا۔

تازہ ترین