• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ کا کام قانون سازی، متنازع نہیں بنائیں گے، شبلی فراز


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فرا ز نے کہا ہےکہ مریم نوا ز کی تقاریر ذاتی عناد اور ذاتی تلخی کی عکاسی کرتی ہیں، لانگ مارچ اور دھرنے کیلئے حکومت کی حکمت عملی تیار ہے، پی ڈی ایم نامی کرپشن وائرس کورونا کی دوسری لہر میں جلسے کر کے غیرذمہ دارانہ حرکت کررہا ہے۔

سلیم مانڈوی والا کو ہماری جانب سے کوئی سپورٹ نہیں ہے،سلیم مانڈوی والا اپنی پارٹی قیادت کے ہاتھوں استعمال ہورہے ہیں ،سینیٹ کا کام قانون سازی کرنا ہے اسے متنازع نہیں بنائیں گے، سینیٹرز کسی پارٹی یا سینیٹر کے ذاتی مسائل میں شامل نہیں ہیں، کسی سینیٹر سے نیب پوچھ گچھ کررہی ہے تو انہیں عدالت میں جانا چاہئے۔

مفتاح اسماعیل جھوٹ بول رہے ہیں کہ انہیں فیٹف بل پر حکومت کے ساتھ فوج نے بٹھایا تھا۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو وقار مسعود اور پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور بھی شریک تھے۔

چوہدری منظور نے کہا کہ بڑے فیصلے آل پارٹیز کانفرنس میں ہوچکے ہیں ان پر عملدرآمد ہوناہے، آٹھ دسمبر کو پی ڈی ایم کچھ فیصلہ کن فیصلے کرے گی، حکومت گرانے کے لئے دھرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی،لانگ مارچ کی حکمت عملی میں ہی حکومت چلی جائے گی۔

وقار مسعود نے کہا کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، جوق در جوق نئے ٹیکس ریٹرنز آرہے ہیں، ٹیکس وصولی کا ہدف اس مفروضہ پر ہے کہ نئے سال کی ابتداء میں کورونا کا خاتمہ او ر معاشی سرگرمیاں بحال ہوچکی ہوں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فرا ز نے کہا کہ مریم نواز کی باتیں جھوٹ پر مبنی غیرذمہ دارانہ ہیں، مریم نواز اپنے کرپٹ والد کی وراثت لیتی ہیں جسے عدالتوں نے مجرم قرار دیا ہے۔ 

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن معافی نامے یا مقدمات ختم کرنے کی شرط نہ رکھے تو مذاکرات کیلئے تیار ہیں ، اپوزیشن خود کو بند گلی میں لے جارہی ہیں ۔ 

شبلی فراز نے کہا کہ نیب کا قانون ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے مل کر بنایاچیئرمین بھی انہوں نے لگایا، فاروق نائیک نیب اصلاحات کیلئے اچھا بل لائے تھے لیکن وہ انہوں نے واپس لے لیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی استعفوں سے متعلق پارٹی فیصلے کی پابندی کریں گے، ہمارے ایم پی ایز کو توڑنے کی کوشش کی گئی ایک بندہ نہیں ٹوٹا، سینیٹ میں پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے والا اپنا ایک رکن ہم نے پکڑلیا تھا جو پارٹی چھوڑ گیا اسے پی ٹی آئی نے ٹکٹ دیدیا۔ 

چوہدری منظور احمد کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے جسے جانا تھا وہ جاچکا ہے جو بیٹھے ہیں سو چ کر بیٹھے ہیں، پی ڈی ایم استعفوں سے متعلق جو فیصلہ کرے گی پیپلزپارٹی اس پر عمل کرے گی، حکومت گرانے کے لئے دھرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

ہماری لانگ مارچ کی حکمت عملی میں ہی حکومت چلی جائے گی، لاہور کی سڑکوں پر کسانوں پر بہیمانہ تشدد کیا گیا، اس وقت کسان، مزدور، صحافی، طالب علم سب سڑکوں پر ہیں، انہیں راستہ دکھانا ہے وہ میدان میں اتر جائیں گے، پیپلز پارٹی میں کوئی دو رائے نہیں پی ڈی ایم کے فیصلے پر عمل ہوگا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو وقار مسعود نے کہا کہ 4960ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف اس مفروضہ پر ہے کہ نئے سال کی ابتداء میں کورونا کا خاتمہ او ر معاشی سرگرمیاں بحال ہوچکی ہوں گی۔

معیشت صحیح سمت میں جارہی ہے لیکن ابھی پوٹینشل کے مطابق رفتار نہیں ہے، کاپوریٹ انکم ٹیکس میں مراعات اور استثنات پر تفصیل سے غور کیا ہے، آئی ایم ایف سے مفاہمت کے قریب پہنچ گئے ہیں کہ کن مراعات کو فوری طور پر ختم کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین