• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن پر برطرفی اور اثاثے منظر عام پر لانا ہی اصل تبدیلی، تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی کرپشن پر تبادلہ کی بجائے برطرفی اور سرکاری افسران کے اثاثے منظر عام پرلانا ہی اصل تبدیلی کی علامات ہیں، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بہت کم ہیں، اس میں سرکاری ملازم کے کرپٹ ہونے کا موقع بڑھ جاتا ہے،اسحاق ڈار کے گھر کا نام ہجویری اور پیشہ ہیرا پھیری ہے۔

آرمی چیف پر انگلی اٹھانا صرف فوج ہی نہیں پورے ملک کی سکیورٹی پر انگلی اٹھانے کے مترادف ہے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی بھاری اکثریت صبح نوکری پر نہیں اپنے اڈوں پر جاتی ہے جہاں کام نہیں کرنا ہوتا دیہاڑیاں لگانی ہوتی ہیں، اس میں ایک پہلو یہ بھی ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بہت کم ہیں، اتنی کم تنخواہ میں سرکاری ملازم کے کرپٹ ہونے کا موقع بڑھ جاتا ہے۔

اسحاق ڈار کے بی بی سی کو انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ ان کی روحانی سرگرمیاں دیکھو اور پھر ان کی لوٹ مار دیکھو، اسحاق ڈار کی جگہ بی بی سی کے اینکر کے سامنے معراج خالد یا ذوالفقار علی بھٹو بیٹھے ہوتے تو اس اینکر کو اس طرح کے سوالات کرنے کی جرأت ہی نہیں ہوتی، ن لیگ کہتی ہے ہم نے فوج کا نہیں چند افسران کے نام لیے ہیں، آرمی چیف پر انگلی اٹھانا صرف فوج ہی نہیں پورے ملک کی سیکیورٹی پر انگلی اٹھانے کے مترادف ہے۔

کچھ لوگوں کی رائے برصغیر میں سیاست منفرد ثقافتی حیثیت رکھتی ہے پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ موروثیت ایک بہت بڑی لعنت ہے، خلافت جب ملوکیت میں تبدیل ہوئی تو تسبیح کے دانے بکھر گئے، برصغیر میں موروثی سیاست ہے اسی لئے اس خطے کا حال بھی خراب ہے۔

اگر باپ کے بعد بیٹی یا بیٹا اس کے بعد اس کی اولاد کو سیاسی پارٹی وراثت میں ملتی رہے تو یہ جمہوریت نہیں چھابڑی ہے، قانون سازی جیسے سب سے اہم کام پر ملک کے بیس بائیس خاندانوں کی اجارہ داری ہے، اگر آپ کو حوالہ دینا ہے تو کسی مہذب پڑھے لکھے معاشرے کا حوالہ دیں، ہمارا کلچر ہی تو برا ہے اس پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین