• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق بتائے کراچی پیکیج کے پیسے کہاں خرچ ہو رہے ہیں؟ مرتضیٰ وہاب

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ  کراچی کے نام نہاد ٹھیکیداروں نے شہر سے بے وفائی کی، پیپلزپارٹی کے کسی عہدیدار کو وفاق سے پیسے نہیں ملے، وفاق بتائے کراچی پیکیج کے پیسے کہاں خرچ ہو رہے ہیں؟

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ لوگ دیکھیں گے کہ کس نے وعدہ پورا کیا اور کس نے بے وفائی کی، ہم نے سنا ہے کہ پی ٹی آئی اراکین کو پیسے ملے ہیں، ہمارے اراکین اسمبلی کو ترقیاتی کاموں کے پیسے نہیں ملے، پی ٹی آئی اراکین کو جو پیسے ملے وہ کہیں نظر نہیں آ رہے۔

مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ خان صاحب، گورنر اور اسد عمر نے 162 ارب روپے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا تھا، کیا وہ وعدہ وفا ہوگیا، کیا گرین لائن کو چھ ماہ میں آپریشنل کرنے کا وعدہ وفا کر دیا، خواب سے باہر نکلیں، وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں۔

انہوں نے کہا کہ کے 4 اب تک وفاقی حکومت آپریشنل نہیں کرسکی، کے فور ابھی آپریشنل نہیں ہوا، جیسا تھا ویسا ہی ہے، جب ہوم ورک کے بغیر اعلانات کریں گے تو ایسا ہوگا، وفاقی حکومت اعلانات سے پہلے تھوڑا ہوم ورک کرلیں تو شرمندگی نا ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والے خود ایس او پیز کا خیال نہیں رکھتے عوام کو کہتے ہیں، حکومت نےکورونا وبا کو بری طرح مس ہینڈل کیا، کراچی میں خوف کے سائے ختم ہوچکے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا وزیر اعظم عمران خان سے متعلق کہنا تھا کہ  خان صاحب کسی اور دنیا میں رہتے ہیں ان کے خواب مکمل نہیں ہوتے، خان صاحب اور گورنر صاحب نے جو خواب دیکھا اس کا وقت دیکھنا ہوگا،  انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ 6 ماہ میں گرین لائن بحال ہوگی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پتا نہیں کون سے اور کس اوقات میں یہ لوگ خواب دیکھتے ہیں، اب انہیں ان خوابوں سے نکل کر حقیقت میں آنا ہوتا، یہ اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے جو کرنا چاہتے ہیں کرتے ہیں۔

اُن کا جزائر سے متعلق کہنا تھا کہ یہ جزائر سندھ حکومت کے ہیں ہم انہیں چائنا کٹنگ نہیں کرنے دیں گے، جزیروں کی چائنا کٹنگ نہیں ہونے دیں گے، یہ جزائر سندھ حکومت کی ملکیت تھے، ہیں اور رہیں گے۔ 

مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاق نےکہا کورونا وائرس ایک معمولی فلو ہے اسے سے زیادہ لوگ حادثوں میں مرتے ہیں، جو شخص کہتا ہے ماسک پہنیں وہ خود ماسک نہیں پہنتا،  ایک شخص اجتماع سے روکتا ہے مگر سکھر میں اجتماع میں شرکت کرتا ہے، ، یہ اپنا بیانیہ تبدیل کریں لوگ ایس او پیز پر عمل کریں گے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ عمران اسماعیل ماضی کے منصوبوں کی تختیوں پر اپنے نام لکھو ارہے ہیں۔

سندھ حکومت کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزراء غلط بیانی کر رہے ہیں جھوٹ بول رہے ہیں، کراچی کی صفائی ستھرائی کرنے والے افسران کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین