• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آل راؤنڈر انور علی کیلئے سری لنکن سرزمین خوش قسمتی کی علامت!

لنکا پریمئیر لیگ (ایل پی ایل) میں دمبولا وائیکنگز کی نمائندگی کر نےوالے آل راؤنڈر انور علی کی پرفارمنس کو قدرے بہتر کہا جائے، تو کہنا غلط نا ہوگا۔

انور علی ایونٹ کے 5 میچوں میں 7 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور ان کی ٹیم نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

انور علی نے ٹورنامنٹ کے 12ویں میچ میں گال گیلڈی ایٹرز کے خلاف 4 اوورز میں 37 رنز دے کر 3 وکٹ کی پرفارمنس کے ساتھ میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

ہم بن ٹوٹا سے جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں گفتگو کرتے ہو ئے 33 سال کے انور علی کا کہنا تھا کہ سری لنکا ان کے لئے ہمیشہ ہی خوش قسمت رہا ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ 2006ء میں کولمبو میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں وہ بھارت کو ہرا کر چیمپئن بنے۔

انور علی نے یہ بھی کہا کہ یکم اگست 2015ء کو کولمبو میں انھوں نے شاہد آفریدی کی قیادت میں کھیلتے ہوئے کیریئر کا واحد ٹی 20 مین آف دا میچ ایوارڈ حاصل کیا۔

پاکستانی آل راؤنڈر نے کہا کہ اب لنکا پریمیئر لیگ میں اس پرفارمنس سے انھیں توقع ہے کہ مستقبل میں لیگ کر کٹ کے حوالے سے ان کے راستے ہموار ہوں گے۔

انور علی نے 2008ء سے 2016ء کے عرصے میں 22 ون ڈے اور 16 ٹی 20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

پاکستان سپر لیگ 2020ء میں ابتداء میں وہ کسی ٹیم کا حصہ نا تھے، البتہ عمر اکمل کے ٹورنامنٹ سے باہر ہو نے کے بعد انھیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے اسکواڈ میں شامل کر لیا تھا۔

تازہ ترین