• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کراچی کی فضا انتہائی مضر صحت ہے، ایئرکوالٹی انڈیکس

ایئر کوالٹی انڈیکس کا کہنا ہے کہ آج شہر قائد کی فضا انتہائی مضر صحت ہے۔ 

ایئرکوالٹی انڈیکس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی آج سرفہرست ہے اور بھارت کا شہر دہلی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کرغزستان کا شہر بشکیک تیسرے نمبر پر ہے۔

اے کیو آئی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں آج آلودہ ذرات کی مقدار351 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایئرکوالٹی انڈیکس کا کہنا ہے کہ درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضر صحت ہے جبکہ 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضر صحت ہوتی ہے۔

اے کیو آئی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی ظاہر کرتا ہے۔ 

واضح رہے کہ چند روز قبل بھارت کا شہر نئی دلی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست تھا جبکہ لاہور دوسرے اور کراچی تیسرے نمبر پر تھا۔

آلودہ فضا سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

اس حوالے سے ماہرین صحت نے ایک پیغام جاری کیا ہے، جس میں اُن کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہری ماسک کا استعمال کریں اور گھروں کی کھڑکیاں دروازے بند رکھیں۔

تازہ ترین