• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمزہ نے مریم سے دادی کی وفات کے دوسرے دن استعفیٰ مانگا، فیاض چوہان

پنجاب کے وزیرِ جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں کہ حمزہ شہباز نے مریم نواز سے دادی کی وفات کے دوسرے دن استعفیٰ مانگا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ایچ او اور دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان کی اپوزیشن کیا کر رہی ہے، اپوزیشن کا بنیادی ایجنڈا خود کو اور اپنے اہلِ خانہ کو بچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا سلوگن ہے کہ ابو بچانے نکلے ہیں، آپ ہمارے ساتھ چلیں، جہاں جہاں آر ٹی ایس بیٹھا وہاں سے تحریکِ انصاف الیکشن ہاری، ریجیکٹڈ لوگ حکومت پر سیلیکٹڈ کا الزام لگا رہے ہیں، ان لوگوں نے خود ایک دوسرے کے ساتھ دھاندلی کی، الزام حکومت پر لگا رہے ہیں۔

فیاض چوہان کا کہنا ہے کہ 2018ء کے الیکشنز میں 289 پٹیشنز میں سے 95 قومی اسمبلی کے حلقوں کی تھیں، 15 رٹ پٹیشنز صرف مسلم لیگ نواز نے قومی اسمبلی میں جمع کرائیں، پیپلز پارٹی نے 2018ء کے الیکشن میں قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں دھاندلی کی درخواستیں جمع کرائیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ یہ اتنے معصوم ہیں کہ پتہ ہی نہیں استعفے کسے دینے ہیں، انہیں معلوم نہیں کہ اسمبلیوں سے استعفے اسپیکر کو بھجوائے جاتے ہیں، مزہ تو جب آتا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے استعفے آتے، شریف خاندان تو خود مریم بی بی سے استعفیٰ مانگ رہا ہے۔

وزیرِ جیل خانہ جات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ مریم بی بی کس منہ سے استعفے مانگ رہی ہیں؟ حمزہ شہباز نے مریم بی بی سے کہا کہ آپ کا بیانیہ پٹ گیا، استعفیٰ اس وقت منظور ہو گا جب شہباز شریف اور حمزہ کا استعفیٰ اسمبلی سیکریٹریٹ آئے گا، وزیرِ اعظم عمران خان نے ڈیڑھ ماہ پہلے ہی اپنے جلسے منسوخ کر دیئے تھے۔

تازہ ترین