• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالت کو بتائیں گے کے سی آر منصوبہ کراچی کے لیے فائدہ مند نہیں ہے، مرتضیٰ وہاب


سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کو اس لیے بند کیا کہ یہ نقصان میں تھی، عدالت کو بتائیں گے کہ کے سی آر منصوبہ کراچی کے لیے فائدہ مند نہیں ہے۔

سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مراد علی شاہ نے وزیر اعلیٰ بنتے ہی کراچی کو ماڈرن سرکلر ریلوے بنانے کا فیصلہ کیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ریلوے وفاقی حکومت کا سبجیکٹ ہے سندھ کا اس سے کوئی تعلق نہیں، وفاقی حکومت نے سرکلر ریلوے کے بجائے ایم ایل ون کو ترجیح دی، یہ ایک کوریڈور ہے جس پر ایم ایل ون اور سرکلر ریلوے چلنا ہے،  اس وجہ سے سرکلر ریلوے کا منصوبہ مکمل نہیں ہوپایا۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ  سپریم کورٹ نے سرکلر ریلوے کا نوٹس لیا تو سندھ حکومت کی امید جاگی، وفاقی حکومت نے منصوبے میں سندھ حکومت کو سپورٹ نہیں کیا، پھر سپریم کورٹ نے کے سی آر  کو اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کابینہ کو بتایا کہ جس کے سی آر کو ریلوے نے بحال کیا مسافر اس میں سفر نہیں کررہے، ہمیں کراچی کو ماڈرن لائن پر کے سی آر بنانے کی ضرورت ہے، جو نظام 1984 میں زوال پذیر تھا اسے کیسے آج چلایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  شیخ رشید جس کے سی آر  کا کریڈٹ لے رہے ہیں وہ کے سی آر ہے ہی نہیں، کابینہ میں آج بھی ٹرانسپورٹ کا مسئلہ زیر بحث آیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پرانی بسوں کو بحال کرنے کی منظوری دی گئی ہے، ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ اور کے ایم سی کی 78 بسیں جلد چلائی جائیں گی۔


ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کیپٹن صفدر رپورٹ کو پبلک کب کرنا ہے فیصلہ کابینہ کرے گی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم عدالت کو بتائیں گے کہ کے سی آر منصوبہ کراچی کے لیے فائدہ مند نہیں ہے، بتائیں گے کہ عدالتی حکم پر مالی اخراجات کہیں ضائع نا ہوجائیں، امید ہے عدالت ہمارا موقف سننے کے بعد اس پر غور کرے گی۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق سپریم کورٹ نے وزیراعلی سے جواب طلبی کی ہے، وزیراعلی کو توہین عدالت کا نوٹس نہیں دیا گیا ہے، آج وزیراعلی نے کابینہ سے جواب شیئر کیا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے محکمہ صحت نے کابینہ کو بریفنگ دی، کورونا وائرس کے ٹیسٹ جاری رکھنے کیلئے مزید ٹیسٹ کٹس منگوانے کا فیصلہ کیا گیا۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ کافی عرصے سے وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیسٹنگ کٹ فراہم نہیں کی جارہی، محکمہ صحت کے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کورونا سے ہلاکت پر معاوضہ دیا جائیگا۔

تازہ ترین