• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن



پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جلسے کے ساؤنڈ وینڈر ڈی جے بٹ ضمانت کے بعد پی ٹی آئی کی حکومت پر برس پڑے۔

ڈی جے بٹ نے کہا کہ وہ آج بھی عمران خان کے ٹائیگر ہیں مگر وہ یہ بتائیں کہ ان کی اصلاحات کہاں ہیں؟ پولیس نے جو ظلم ان پر کل کیا ہے وہ پچھلی حکومت میں بھی نہیں ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی بار گرفتاری پر صرف تشدد کیا گیا تھا اس بار تو گالیاں تک دی گئی ہیں۔

ڈی جے بٹ نے  عدالت میں  پیشی کے بعد میڈیا کے سامنے روتے ہوئے کہا کہ میرے اوپر بد ترین تشدد کیا گیا مجھے پولیس والے گھسیٹتے ہوئے لے کرگئے۔

انہوں نے کہا کہ میں مزدور آدمی ہوں ، ہمیں مزدوری کرنے دی جائے، ہم کام نہیں کریں تو کیا کریں انہوں نے ہمیں دہشت گرد بنادیا ہے اس سے بہتر ہے ہمیں پھانسی پر لٹکا کر ایک ہی دفعہ ختم کردیں۔

 واضح رہے کہ لاہور پولیس نے مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کے جلسے کے ساؤنڈ سسٹم چلانے والے ڈی جے بٹ کو گزشتہ روز گرفتار کیا تھا، میوزک سسٹم فراہم کرنے والے پر غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ بنایا گيا تھا۔

دوسری طرف آج صبح لاہور کی مقامی عدالت نے ڈی جے بٹ کو ضمانت پر رہا کر دیا ۔

ماڈل ٹاؤن پولیس نے ساؤنڈ سسٹم وینڈر ڈی جے بٹ کو مقامی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ڈی جے بٹ کو رہا کرنے کا حکم  دیا تھا۔

سیاسی جلسوں میں ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے سے ملک بھر میں شہرت حاصل کرنے والے ڈی جے بٹ کو شناخت ہی تحریک انصاف کے جلسوں سے ملی۔

ڈی جے بٹ نے تحریک انصاف کے جلسوں میں میوزک کا تڑکا لگایا اور کارکنوں کو انگلیوں پر نچایا، بس پھر کیا تھا تحریک انصاف اور ڈی جے بٹ ایک جان دو قالب ہوگئے، جہاں عمران کا جلسہ، وہاں ڈی جے بٹ کا میوزک ہوتا تھا، صرف یہی نہيں بلکہ عمران خان کے تاریخی دھرنے کے لیے تو ڈی جے بٹ نے اسپیشل میوزک بھی تیار کیے۔

تازہ ترین