• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے، پی پی، ن لیگ


پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے مذاکرات کی حکومتی پیشکش ہم آواز ہوکر مسترد کردی۔ مریم نواز نے کہا کہ حکومتی وزراء رابطے کر رہے ہیں، استعفے نہ دینے اور پارلیمنٹ میں بات کرنے کا کہہ رہے ہیں۔ مگر پی ڈی ایم عمران خان کو این آر او نہیں دے گی۔ بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت سے مذاکرات کا وقت گزر چکا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین  بلاول بھٹو زرداری نے جاتی امراء کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت کی پریشانی آپ سب کے سامنے ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  13 دسمبر کو لاہور میں تاریخی جلسہ ہوگا، ہم سمجھتے ہیں پی ڈی ایم کا پہلا فیز کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔


انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے قیام کے وقت سے دراڑ پیدا ہونے کے خواب دیکھے جارہے ہیں۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک تیزی اور کامیابی سے جارہی ہے ، اسٹیبلشمنٹ ہو یا کٹھ پتلی حکومت، بات کرنے کا وقت ختم ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی تاریخ میں کوئی لانگ مارچ اتنا کامیاب نہیں ہوا جتنا پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ  میں پہلے دن سے ان کو جعلی اور ووٹ چور حکومت سمجتی ہوں آج جب آپ کو اپنی حکومت جاتی نظر آرہی ہے تو آپ کو پارلیمنٹ یاد آگئی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ  ہم ایسی صورتحال پیدا نہیں کریں گے جس سے کوئی تیسری قوت فائدہ اٹھائے، ہم سوچ سمجھ کر اپنے کارڈرز کھیلیں گے۔

 چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ تمام جماعتوں نے فیصلہ کرلیا ہے ، ہم پارٹی کی سی ای سی سے مشاورت کریں گے، جبکہ استعفوں سے متعلق پارٹی کی سی ای سی سے مشاورت ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ بلاول بھٹو سے ملاقات میں پی ڈی ایم کے اگلے پلان پر بھی بات ہوئی اور 13دسمبر کو مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کا جلسہ ہوگا۔

تازہ ترین