• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر سندھ سے متحدہ کے وفد کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر امور پر گفتگو

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ایم کیوایم پاکستان کے تین رکنی وفد نے  ملاقات کی۔

ترجمان گورنر سندھ کے مطابق وفد میں ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، کنور نوید جمیل اور وسیم اختر شامل تھے۔ جبکہ اس موقع پر پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی حلیم عادل شیخ اورخرم شیر زمان بھی موجود تھے۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں کراچی پیکیج، ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگرامور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی پر مشاورت میں شامل نہ کرنے پر ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے اظہار تشویش کیا۔ اس موقع پر اپیکس کمیٹی کی مشاورت میں شامل نہ کرنے پر متحدہ قومی موومنٹ نے  شکوہ کیا۔


ترجمان کے مطابق ملاقات میں کراچی پیکیج کی سست روی اور بر وقت عمل درآمد نہ ہونے پر بھی ایم کیو ایم نے تحفظات کا اظہار کیا۔ 

گورنر سندھ نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی ترقی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے منصوبے دیئے جارہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہیں۔ انھوں نے کہا کہ  وفاق سب کو ساتھ لے کر چلنے کا خواہش مند ہے۔ 

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے عوام کو بڑی توقعات ہیں۔ کراچی پیکیج پر جلد عملدرآمد سے شہریوں کی مشکلات کا خاتمہ یقینی ہے۔

تازہ ترین