• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی شرقی ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ضلع

کراچی کا ضلع شرقی پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ضلع ہے جہاں پر اب تک ساڑھے 37 ہزار سے زائد کورونا وائرس کے مثبت کیسز نمودار ہو چکے ہیں جبکہ ضلع شرقی میں اب تک 922 افراد اس وبا کے نتیجے میں جاں بحق ہوچکے ہیں۔

وقت آ گیا ہے کہ ضلع شرقی میں اتائیوں، بغیر فارماسسٹ کے چلنے والے میڈیکل اسٹورز اور کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اور اداروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے، بغیر ماسک والے کسٹمرز کو خدمات فراہم کرنے والے بینکوں اور کاروباری اداروں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے، کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کیلئے آگاہی کے پروگرام بھی شروع کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی احمد علی نے گلستان جوہر کے علاقے میں عہد میڈیکل اینڈ کمیونٹی فارمیسی سروسز کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقعے پر میڈیکل سینٹر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور نامور ہیلتھ ایکسپرٹ ڈاکٹر بابر سعید خان، معروف ماہر امراض ذیابطیس ڈاکٹر ظفر عباسی، معروف کامیڈین ایاز خان، اسامہ ہارون قاسم، عمیمہ مزمل، یاسر ہاشمی اور دیگر ماہرین بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی احمد علی کا کہنا تھا اگرچہ میڈیکل اسٹور اور فارمیسیز محکمہ صحت سندھ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں لیکن وہ تمام میڈیکل اسٹور جہاں جہاں تربیت یافتہ فارماسسٹ موجود نہیں وہ اتائیت پھیلالنے کے زمرے میں آتے ہیں، لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے افراد اور عالمی وبا پھیلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی وقت کا اہم تقاضہ ہے۔

انہوں نے اس موقع پر میڈیکل سینٹر اور کمیونٹی فارمیسی سروسز کا افتتاح بھی کیا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ماسک پہننے پر راضی کرنا ایک بہت ہی مشکل اور چیلنجنگ کام ہے اور اس سلسلے میں ان کی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ ایسے اداروں کے خلاف ایکشن لیا جائے جہاں پر بغیر ماسک پہنے ہوئے لوگوں کو خدمات اور سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل کرکے ضلع شرقی میں کورونا وائرس کی وبا کو مزید پھیلنے اور جانوں کے مزید ضیاع کو روکنے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔


میڈیکل سینٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ڈیجیٹل ہیلتھ ایکسپرٹ ڈاکٹر بابر سعید خان نے اس موقع پر بتایا کہ عہد میڈیکل سینٹر میں مریضوں کو ایک چھت کے نیچے صحت مکمل کی سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں کی گئیں ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران میڈیکل سینٹر کی ڈیجیٹل ہیلتھ سہولیات سے سیکڑوں مریضوں نے فائدہ اٹھایا ہے۔

تقریب سے ماہر امراض ذیابطیس ڈاکٹر ظفر عباسی، معروف فارماسسٹ عمیمہ مزمل، یاسر ہاشمی اور کامیڈین ایاز خان نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین