• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاسپورٹ بلاک، عدالت آنیوالے اشتہاری کی درخواست ضمانت مسترد

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج سہیل ناصر نے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک ہونے پر عدالت آنے والے اشتہاری ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی اور اسے گرفتار کروا کر جیل بھجوا دیا۔ عدالت نے کہا کہ قانون کو دھوکہ دینے کی کوشش کرنے والا کسی رعایت کا مستحق نہیں ہو سکتا۔ اے این ایف نے 2019میں منصور خان کو 375 گرام ہیروئن بیرون لیجانے پر گرفتار کیا تھا، بعدازاں ضمانت ہونے پر ملزم مفرور ہوکر اشتہاری ہوگیا تو عدالتی حکم پر اس کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کر دیئے گئے تھے۔ گزشتہ روز ملزم نے عدالت پیش ہوکر دوبارہ سے عبوری ضمانت کی درخواست دی اور موقف اپنایا کہ مجھے اشتہاری ہونے کا علم نہ تھا جونہی علم ہوا پیش ہوگیا ہوں، عدالت نے ملزم کے موقف کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بقول آپ کے اکیس دسمبر کو بیرون جانا ہے اور آپ جانتے ہیں کہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک ہونے پر یہ ممکن نہیں تھا اس لئے آپ شوق سے نہیں خوف سے عدالت میں پیش ہو رہے ہیں تاہم اگر پاسپورٹ بلاک نہ ہوتا تو یقیناً آپ اس مقدمہ کی پرواہ کئے بغیر باہر جا چکے ہوتے۔
تازہ ترین