• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمٰن کے گھر سے ہی ان کے مخالفین پیدا ہوگئے ہیں، فردوس عاشق


وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ مولانا فضل الرحمٰن کے گھر سے ہی ان کے مخالفین پیدا ہوگئے ہیں، جب دن برے آجاتے ہیں تو پھر سایہ بھی ساتھ نہیں دیتا اور اب تو مولانا شیرانی نے بھی مولانا فضل الرحمٰن کو جھوٹا قرار دے دیا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور چیمبر آف کامرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایڈورٹائزنگ ایجنسی ملکی معیشت میں ایک کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے شعبوں کے لیے منصوبہ سازی کی جا رہی ہے، ہم نے اگلے 10 سال کی پلاننگ کی ہے، ہر سال 12 لاکھ افراد کے روزگار کو یقینی بنایا گیا۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر سال 5 لاکھ لوگوں کو فنی تربیت دینے کو یقینی بنایا گیا جبکہ ہم نے صوبے بھر میں 362 سہولت بازار قائم کئے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈیننس لائی جبکہ ہم ڈیزائننگ کے شعبے کو بھی محفوظ بنا رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ وفاق کی اکائیوں میں ایک بڑے بھائی پنجاب کو خود کفیل بنانا چاہتے ہیں، صوبے کی اقتصادی ترقی کے لیے واضح پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نیب نے مال پانی سے جڑے رشتوں کو کمزور کرنے پر کمر کس لی ہے لہٰذا بہتر ہے کہ فضل الرحمٰن نیب میں پیش ہوکر اس کے سوالوں کا جوب دیں۔

اُنہوں نے اپنی گفتگو کے دوران مریم نواز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کی راجکماری ایک معنی خیز ٹائٹل ہے کیونکہ عوام کے وسائل پر پروان چڑھنے والوں کو راجکماری نہیں کرپشن کی راجکماری کہا جاتا ہے۔

فردوس عاشق نے یہ بھی کہا کہ سینیٹ پکی پکائی کھیر ہے، ہر کوئی اسے کھانا چاہتا ہے، ملک میں اقتصادی استحکام کے لیے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں وینٹی لیٹر پر چلنے والی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، پوزیشن کو اقتدار کے بغیر نہ معیشت چاہیے اور نہ جمہوریت۔

تازہ ترین