• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترک وزارت دفاع کے مطابق ترکی نے مشرقی بحیرہ روم میں فوجی مشقیں شروع کی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مشقیں علاقے میں توانائی کے ذخائر کی تلاش کے مسئلے پر ہمسایوں کے ساتھ پائی جانے والی کشیدگی کے پس منظر میں کی جا رہی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق ترک وزارت دفاع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہماری بحری قیادت نے مشقیں کیں مگر کسی مقام کی وضاحت نہیں کی گئی۔ بس اتنا کہا گیا کہ یہ مشقیں مشرقی بحیرہ روم میں کی گئیں۔ تاہم ایک تصویر پوسٹ کی گئی ہے جس میں ترک بحریہ کے ایک جہاز پر موجود توپ سے گولہ داغتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

یورپی یونین کے ارکان یونان اور قبرص مشرقی بحیرہ روم کے متنازعہ پانیوں میں توانائی کے وسائل کی تلاش کے حوالے سے ترکی کے خلاف صف آرا ہیں۔


ترکی نے بحری مشقیں یورپی یونین کی جانب سے 10دسمبر کو کئے جانے والے اس اعلان کے بعد کی ہیں جس میں کہا گیا تھا کہ خطے میں غیر قانونی اور جارحانہ کارروائیوں کے باعث یورپی یونین ترکی پر پابندیاں عائد کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کو ترک صدر رجب طیب اردگان نے جرمنی کی چانسلر انجیلا مارکل کو ایک وڈیو کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ ترکی، یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کا نیا باب شروع کرنا چاہتا ہے۔

تازہ ترین