• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکار آپ کو اقتدار میں آئے ہوئے ڈھائی برس ہو گئے ہیں۔ آپ کو اب تک یقین کیوں نہیں آتا کہ آپ ملک کے وزیراعظم بن چکے ہیں۔ آپ سرکار پچھلے ڈھائی برسوں سے اِس ملک کے وزیراعظم ہیں۔ اِس منصب تک پہنچنے کیلئے آپ نے بڑی جانفشانی کی ہے۔ بیس پچیس برس سرکار آپ نے سیاست کے صحرا میں صحرا نوردی کی ہے۔ اپنے مقصد اور منصب کے حصول کیلئے آپ نے کنٹینر کو اپنا مسکن بنا دیا۔ یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ یہ ایک تاریخی کارنامہ ہے۔ دنیا صدیوں تک آپ کی اور آپ کے ایثار کی مثالیں دیا کرے گی۔ اپنے منصب کیلئے اپنا گھر بار، اپنے بال بچے چھوڑ دینے سے بڑی اور کیا قربانی ہو سکتی ہے؟ بےسمجھ لوگ آپ کو سمجھ نہیں سکتے۔ آپ نے ٹھیک ہی کہا ہے کہ ’’تم لوگ مجھے نہیں جانتے‘‘۔ آپ کا جملہ ملک بھر کے مجھ ایسے فقیروں کو اچھا لگا تھا۔ ہم فقیر باخبر ہیں کہ آپ کون ہیں۔ آپ ہمارے وزیراعظم ہیں۔ پاکستان کی مکمل تاریخ میں کسی نے وزیراعظم بننے کیلئے اتنی محنت اور جدوجہد نہیں کی تھی، جتنی جدوجہد آپ نے کی ہے مگر سرکار آپ خود بھول جاتےہیں کہ آپ وزیراعظم بن چکے ہیں۔ آپ ابھی تک اپنے آپ کو کنٹینر پر کھڑا ہوا محسوس کرتے ہیں۔

ایک وزیراعظم ہونے کے ناطے سرکار حزبِ اختلاف کی الزام تراشیوں کا جواب دینا آپ کا کام نہیں ہے۔ آپ بھول جاتے ہیں کہ آپ کنٹینر پر نہیں کھڑے ہیں۔ آپ وزیراعظم ہیں۔ مخالفین کو منہ توڑ جواب دینےکیلئے آپ نے منہ مانگی تنخواہوں اور بھاری بھرکم معاوضوں کے عوض مشیروں، خصوصی معاونین اور ایڈوائزروں کی ظفر موج رکھی ہوئی ہے۔ حزبِ اختلاف کے اراکین کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینے اور اُن کے دانت کھٹے کرنا ظفر موج کا کام ہے، آپ کا نہیں ہے۔ وزراء اعظم غصہ میں آکر آستینیں نہیں چڑھاتے، منہ پر ہاتھ پھیر کر کسی کو نہیں دھمکاتے۔ اِس کام کیلئے آپ نے نٹ کھٹ جیسے تیز طرار مشیر، معاونین اور ایڈوائزر رکھے ہوئے ہیں۔ آپ اُن کو اُن کا کام کرنے دیں۔ وہ اپنا کام بڑی ایمانداری اور لگن سے کر رہے ہیں، اُنہوں نے حزبِ اختلاف کے اراکین کو چھٹی کا دودھ یاد دلوا دیا ہے، اُن کو آستینیں چڑھانے دیں۔ داڑھی اور منہ پر ہاتھ پھیرنے دیں۔ آپ اپنا اصلاحی کام جاری رکھیں۔ آپ کے پاس باقی کے ڈھائی برس رہ گئے ہیں۔ اِس قوم کو تبدیلی لا کر دکھائیں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ باقی ماندہ ڈھائی برس بھی آپ پہلے ڈھائی برسوں کی طرح چور ڈاکو کا کھیل کھیلنے میں ضائع کر دیں۔ بہتر برسوں سے ہم نے ہر نئے آنے والے حاکم کو پچھلے حاکم کو چور ڈاکو اور کرپٹ کہتے ہوئے سنا ہے۔ آپ سرکار اور آپ کے نٹ کھٹ ایڈوائزروں نے بہتر سالہ روایت کو تقویت بخشی ہے۔ یقین جانیے سرکار، آپ کے جانے کے بعد آنے والا حاکمِ وقت آپ کو بھی چور ڈاکو کہتا رہے گا۔ فقیر کبھی کبھی سوچتے ہیں کہ یہ قوم کیا اِس قدر گئی گزری ہے کہ بہتر برس سے چور ڈاکوئوں کو ووٹ دے کر اپنا حاکم بناتی رہی ہے؟ یہ سوچنے کی بات ہے سرکار۔ کوئی شخص اپنی مرضی اور منشا سے ہمارا حاکم نہیں بنتا۔ ہم پاکستانی اُس کے حق میں ووٹ دے کر اُسے اپنا حاکم بناتے ہیں۔ اِس منطق کا مطلب ہے کہ پوری پاکستانی قوم چور اور ڈاکوئوں پر مشتمل ہے۔ ایسی کرمنل قوم چوروں اور ڈاکوئوں کو اپنا حکمران بناتی ہے۔ پاکستانی حکمرانوں کو ایک دوسرے پر گھٹیا الزام تراشی کرتے ہوئے سوچنا چاہئے کہ وہ بلاواسطہ پاکستانی قوم کی بےعزتی کر رہے ہیں۔ بہتر برسوں سے ایک دوسرے کو چور ڈاکو کہنے والے حکمران لگائے ہوئے الزام ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ میاں نواز شریف کو وزیراعظم کے منصب سے اِس لئے ہٹایا گیا تھا کہ اُس نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی تھی۔

آپ اِس قوم کو بھتہ خوروں کے عذاب سے نجات دلوائیں۔ بہتر برس سے بھتہ خور غریب، مسکین بےیار و مددگاروں کا خون چوستے رہے ہیں۔ بھتہ خور حکومتوں سے زیادہ طاقتور ہیں۔ کسی حاکم میں دم خم نہیں دیکھا کہ جو بھتہ خوروں کے چھتے میں ہاتھ ڈال سکے۔ سرکار آپ کوئی کرشمہ کرکے دکھائیں۔ بھتہ خوروں کے نیٹ ورک پر ہاتھ ڈالیں۔ یہ چھ سات کروڑ مسکینوں کی روزی روٹی اور عزتِ نفس کا سوال ہے۔ سرکار اپنے اقتدار کے آخری ڈھائی برس سپھل کریں۔ آپ سرکار ڈھائی برسوں میں غرباء کیلئے پچاس لاکھ مکان نہیں بنا سکتے۔ ملک کے اقتصادی حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے سردست پچاس لاکھ تو کیا، آپ پچاس مکان نہیں بنا سکتے۔ ایک کروڑ بےروز گاروں کو روز گار سے لگانا امکان سے باہر ہے مگر اِن ڈھائی برسوں میں آپ سرکار بھتہ مافیا کا قلع قمع کر سکتے ہیں۔ بھتہ خوری کو آپ جڑ سے اکھاڑ کر چھ سات کروڑ روزی روٹی کمانے کیلئے گلی کوچوں میں دھکے کھانے والے مسکینوں کو عزت سے روزی کمانے اور زندہ رہنے کا حق دلوا سکتے ہیں۔ یہ آپ کیلئے عین ممکن ہے۔ آپ کے پاس وسائل ہیں، ادارے ہیں۔ چھ سات کروڑ لوگوں کو بھتہ خوروں سے آزادی دلوائیں۔

اگلے منگل کے روز میں آپ کو ایک اور بےانتہا طاقتور مافیا کے بارے میں بتائوں گا۔ ہر حکومت اُن پر ہاتھ ڈالنے سے کتراتی ہے۔

تازہ ترین