• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانا ثناء کی گواہوں کے بیانات کی فہرست کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور کی انسدادِ منشیات کی عدالت نے منشیات برآمدگی کے کیس میں مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ کی گواہوں کے بیانات کی فہرست لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

کیس کی سماعت شروع ہوئی تو لاہور کی انسدادِ منشیات کی عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ رانا ثناء اللّٰہ کہاں ہیں؟

رانا ثناء اللّٰہ کے وکیل فرہاد علی نے عدالت کو بتایا کہ دھند کے باعث موٹر وے بند ہے، رانا ثناء اللّٰہ کچھ دیر میں عدالت پہنچ جائیں گے۔

فاضل جج نے اجازت دی کہ آپ دلائل شروع کریں۔

پراسیکیوشن نے رانا ثناء اللّٰہ کی متفرق درخواست پر دلائل دیئے۔

پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف قلم بند بیان کی کاپیاں فراہم نہیں کر سکتے، بیانات قانون کے مطابق قلم بند کیئے گئے، چالان عدالت میں آ چکا ہے، ملزمان کے وکلاء چالان پر دھیان دیں۔


رانا ثناء اللّٰہ کے وکیل فرہاد علی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ کا کیس عام کیسز کی طرح نہیں، رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف بیانات کی کاپیاں حاصل کرنا ہمارا قانونی حق ہے۔

اس دوران سابق وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناء اللّٰہ اے این ایف عدالت پہنچ گئے، جہاں انہوں نے اپنی حاضری مکمل کروائی۔

عدالت نے رانا ثناء اللّٰہ کی گواہوں کے بیانات کی فہرست لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور کیس کی سماعت 11 جنوری تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین