• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے اسپین میں چیئرپرسن مقرر کردیا

اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے اسپین میں چوہدری امتیاز لوراں کو چیئرپرسن، چوہدری عبدالغفار مرہانہ اور چوہدری نزاکت حسین کو اُن کا ایڈوائزر مقرر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے نوٹیفیکیشن کے مطابق چوہدری امتیاز لوراں کو چیئرپرسن اسپین جبکہ چوہدری عبدالغفار مرہانہ اور چوہدری نزاکت حسین کو ایڈوائزر مقرر کر دیا گیا ہے۔

اس عنوان سے بارسلونا کے مقامی ریسٹورنٹ پر ایس او پیز کے مطابق ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں یہ اعلان اوورسیز کمیشن پنجاب ڈسٹرکٹ گجرات کے چیئرمین عدیل ارشد نے کیا۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت رضوان کاظمی نے حاصل کی، نعت رسول مقبولﷺ قدیر خاں نے پڑھی جبکہ ملی ترانہ سعید حیدری نے سنایا، اسٹیج سیکریٹری کے فرائض شاہد احمد نے ادا کیے۔

تقریب کا استقبالیہ چوہدری عبدالغفار مرہانہ نے پیش کرتے ہوئے کمیشن کے اغراض و مقاصد اور آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا، تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری تھے۔

تقریب سے چوہدری ساجد گوندل، چوہدری کلیم الدین وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور اُن کے حل پر تفصیلی بات کی۔

قونصل جنرل بارسلونا نے اپنے خطاب میں کہا کہ چوہدری امتیاز لوراں اور اُن کی ٹیم پاکستانی کمیونٹی کو اسپین میں درپیش مسائل سے بخوبی واقفیت رکھتی ہے اور وہ ان مسائل کو حل کروانے کی کوششیں بھی کرتے رہتے ہیں ایسے میں حکومت پنجاب کی طرف سے اس ٹیم کو باقاعدہ طور پر اختیارات سے نوازا جانا خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارسلونا قونصل خانہ پاکستانیوں کا اپنا گھر ہے، میں قونصل خانے میں اوورسیز کمیشن کا دفتر بنانے پر رضا مندی کا اظہار کرتا ہوں تاکہ ہم سب مل کر وطن عزیز میں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو حل کر سکیں۔

پاکستان سے آئے چیئر مین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب ڈسٹرکٹ گجرات عدیل ارشد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات صادر فرمائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ضلع گجرات میں زمینوں اور مکانات پر ناجائز قبضوں کو واگزار کرایا ہے، کیونکہ اب دسمبر میں کمیشن کا پاس ہونے والا بل اس شق کے ساتھ پاس ہوا ہے کہ اوورسیز کمیشن پنجاب کے پاس جو کیس ہوگا اُس کا فیصلہ ہونے تک کوئی اُس ناجائز جگہ پر قبضہ کے لئے کسی عدالت سے اسٹے نہیں لے سکے گا۔

تقریب کے اختتام پر چیئر پرسن اوورسیز کمیشن پنجاب اسپین چوہدری امتیاز لوراں نے کہا کہ ہم تمام کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلیں گے اور سب کا کام بلا امتیاز کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں قونصل جنرل بارسلونا اور پاکستان سے آئے مہمان عدیل ارشد کی آمد پر اُن کابے حد مشکور ہوں۔

تقریب میں عمران اختر چھوکر کلاں، سجاد بٹ، چوہدری سلیم لنگڑیال، حافظ عبدالرزاق صادق، ظفر پہلوان، ناصر محمود، عبدالصبور، گلزار شاہ، بارسلونا کے پاکستانی کونسلر طاہر رفیع، متین امتیاز، محسن ٹریولز والے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے بھر پور شرکت کی اور شرکا نے چوہدری امتیاز لوراں کو تہنیتی پیغامات دیئے۔

تازہ ترین