• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید ذوالفقار بھٹو کے یوم ولادت پر شان دار عالمی آن لائن کانفرنس

پی پی پی- انٹرنیشنل کانفرنسز اینڈ سیمینارز فورم (ICSF ) کے زیر اہتمام پاکستان کے پہلے منتخب وزیرِ اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم ولادت کے موقع پر ’بیادِ بھٹوز‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان آن لائن کانفرنس منعقد کی گئی۔

یہ کانفرنس دوحصوں پر مشتمل تھی، پہلا حصہ شہید بےنظیر بھٹو اور دوسرا حصہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نام سے منسوب تھا۔ کانفرنس میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں کے علاوہ عالمی شہرت یافتہ دانشوروں، صحافیوں، محققین، ٹی وی اینکرز اور دیگر اہم سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ کانفرنس کی میزبانی معروف فنکار، شاعر، میوزک کمپوزر اور ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ سیف اللہ سیفی نے کی۔

اس موقع پر شہید محترمہ بےنظیر بھٹوکی دیرینہ دوست وکٹوریہ اسخوفیلڈ (Victoria Schofield) نے شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی شخصیت اور ان کی قربانیوں کے ساتھ ساتھ بھٹو خاندان کو خوبصورت خراج عقیدت پیش کیا۔ سینئرصحافی، شاعر و دانشور محمود شام نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ پارٹی کارکنوں کی سیاسی تربیت وحوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انسانی حقوق کی علم بردار مرحومہ عاصمہ جہانگیر کی صاحبزادی معروف صحافی و اینکر منیزے جہانگیر نے بی بی شہید اور بھٹو خاندان کی سیاسی بصیرت کو شان دارخراج عقیدت پیش کیا۔

سابق سینیٹر سردار سلیم نے بلاول بھٹو کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان میں اپنے نانا اور والدہ کی طرح وہ تمام خوبیاں موجودہیں اور مجھے مکمل یقین ہے کہ وہ پاکستان کو ترقی و استحکام کی جانب لے جائیں گے۔

سابق وزیر مملکت پروفیسر این ڈی خان نے شہید بھٹو اور محترمہ بےنظیر بھٹو کے فلسفے پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان عظیم رہنماؤں کے عظیم کارناموں کو اُجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ شہید بھٹو اور شہید بےنظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے والے دیگر مقررین میں ڈاکٹر خالد جاوید جان، ممبر صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی، سینئر صحافی و اینکر سید ندیم رضا، چیف آرگنائزر آئی سی ایس ایف سید مظاہر بخاری، ملک محمد اجمل، سید طاہر عباس بخاری، آنریبل، آلڈرمین مشاق لاشاری، پی پی پی جرمنی کے صدر سید زاہد عباس، ڈاکٹر عابد عباسی، پروفیسر اشفاق کلیم، محترمہ اشبر جدون اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی نور النساء شامل تھے۔

ان رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر گزرتا لمحہ عظیم بھٹوز کی عظمت کے گُن گارہا ہے۔ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کی ہر اینٹ پر بھٹوز کا نام سنہری حروف میں جگمگا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آمریت کےجنگل کو فخرِ ایشیا چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے ایک مہذب آئینی ریاست کی شکل عطا کی جبکہ قائد عوام بھٹو اور محترمہ بےنظیر بھٹو نے وطن عزیز کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔

مقررین نے کہا کہ عوامی جمہوری سیاست اور عوام دوست و وطن پرست انقلابی نظریات کے فروغ کے لیے بھٹوز کی خدمات کا آج مخالفین بھی بَرملا اعتراف کررہے ہیں۔ پاکستان کے پہلے منتخب و مقبول عوامی جمہوری وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اور عالمِ اسلام کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو اقوام عالم میں پاکستان کی قابل فخر پہچان ہیں۔

کانفرنس کے تین سیشنز تھے جن میں ہالینڈ، پشاور اور اسلام آباد سے بیک وقت کانفرنس کو مانیٹر کیا گیا۔ یہ کانفرنس دو سیشنز پر مشتمل تھی جس کا پہلا سیشن ’’محترمہ بےنظیر بھٹو شہید‘‘ سے منسوب تھا۔ اس سیشن کی صدارت نامور صحافی، لکھاری و مصنفہ اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی ہم جماعت اور تیس سال کی دوستی کی تاریخ رکھنے والی وکٹوریہ اسخوفیلڈ نے کی۔

بین الاقوامی زوم کانفرنس کا دوسرا سیشن جو ’’جناب ذوالفقار علی بھٹو شہید‘‘ سے منسوب تھا، اس کی صدارت سینئر سیاسی و پارٹی رہنما این ڈی خان نے کی جبکہ صدر پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کلچرل ونگ ڈاکٹر خالد جاوید جان، لیجنڈری صحافی محمود شام، معروف اسکالر ڈاکٹر عابد عباسی، پروفیسر اشفاق کلیم عباسی، سینئر صحافی اور ٹی وی اینکر سید ندیم رضا، سینئر سیاسی و پارٹی رہنماء اقبال یوسف، پارٹی کے بانی رکن و مرکزی رہنما ملک محمد اجمل اور ملک اخلاق احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

کانفرنس کی نظامت کے فرائض ہالینڈ سے معروف فنکار، شاعر، میوزک کمپوزر اور ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ سیف اللہ سیفی نے ادا کیے۔ انہوں نے دوران کانفرنس موقع محل کی مناسبت سے مختلف اشعار پیش کر کے شرکائے محفل سے داد تحسین وصول کی۔

سیکرٹری جنرل پیپلز کلچرل ونگ، ممبر صوبائی کونسل پی پی پی خیبر پختونخواہ، سید طاہر عباس نے پشاور سے اور چیف ارگنائزر پی پی پی آئی سی ایس ایف سید مظاہر بخاری کے ہمراہ کلدیپ سنگھ نے اسلام آباد سے میگا زوم کانفرنس کی میزبانی کی جبکہ آرگنائزرز پی پی پی آئی سی ایس ایف، ڈاکٹر ضرار یوسف، اطہر شریف، افضال انقلابی ، انعام قادری نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامی امور بخوبی ادا کیے۔

کانفرنس کے آخر میں چیف آرگنائزر سید مظاہر بخاری نےپانچ نکاتی قرار دادیں پیش کیں۔ کانفرنس میں پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کی طویل اسیری اور دیگر تمام سیاسی قیدیوں کو پابندِ سلاسل رکھنے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے خورشید شاہ اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

تازہ ترین