• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سالانہ ڈپلومیٹک بازار میڈریڈ،ہسپانوی ملکہ مہمان خصوصی تھیں

Spanish Queen Was The Special Guest Annual Diplomatic Market Madrid
شفقت علی رضا... میڈریڈ میں موجود دنیا بھر کے سفارت خانوں میں تعینات سفیروں کی بیگمات کی ایسوسی ایشن ’’ اے ڈی ای ‘‘ کے تحت سالانہ ڈپلومیٹک بازار منعقد کیا گیا جس کی مہمان خصوصی ہسپانوی ملکہ ’’ رائینہ صوفیہ ‘‘ تھیں۔

ان کی آمد پر شاندار استقبال کیا گیا ۔انہوں نے مختلف ممالک کے اسٹالز کا وزٹ بھی کیا ۔پاکستانی اسٹال پر ان کو سفیر پاکستان رفعت مہدی اور بیگم انیس مہدی نے خوش آمدید کہا ۔بیگم انیس مہدی نے ہسپانوی ملکہ کو پاکستان کے ملبوسات ،خوراک ، اور پاکستان کے خوبصورت مقامات کی تصاویر دیکھائیںجن میں بادشاہی مسجد ، شاہراہ قراقرم ، فیصل مسجد اسلام آباد ، سوات اور گلگت کی تصاویر شامل تھیں جنہیں ہسپانوی ملکہ نے بے حد پسند کیا۔

ہسپانوی ملکہ پاکستانی اسٹال پر اسپینش اور دوسرے ممالک کی خواتین کی کثیر تعداد کو دیکھ کر حیران ہوئیں اور پوچھا کہ ایسا کیوں ہے ؟ انہیں بتایا گیا کہ یہ سب خواتین اپنے ہاتھوں پر مہندی لگوا رہی ہیں ۔

پاکستانی اسٹال پرہسپانوی ملکہ کو شال کا تحفہ پیش کیا گیا جو انہوں نے بڑی محبت سے قبول کیا ۔اس موقع پر ہسپانوی ملکہ نے کہا کہ پاکستانی اسٹال پر آنے اور پاکستانی خواتین و حضرات کو ملنے سے پتا چلا ہے کہ پاکستان ایک اعتدال پسند اور ماڈرن ملک ہے جہاں کی ثقافت اور لوگ بہت خوبصورت ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ثقافت کا کردار بھی یہی ہوتا ہے کہ لوگ ایک دوسرے کو جان سکیں، پہچان سکیں۔ایک دوسرے کے رہن سہن کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں ۔

پاکستانی اسٹال کی سب سے اچھی بات یہ تھی کہ وہاں رکھے گئے کھانوں کو دوسرے ممالک کے سفیروں نے خوش دلی سے کھایا جبکہ جلیبی کو بہت پسند کیا ۔

سفیروںکی بیگمات اپنے ہاتھوں پر مہندی لگواتی رہیں ۔سفارت خانے میں تعینات سمیرا بی بی نے مہندی سے دلکش ڈیزائن بنائے جنہیں بہت سراہا گیا۔

پاکستانی سفارت خانے کے ساتھ والی لائن اور سامنے سعودی عرب ، اردن ، ایران ، انڈیا فلپائن ، رومانیہ ،چائنا اور جاپان کے اسٹالز تھے لیکن پاکستانی اسٹال پر رش کا یہ عالم تھا کہ وقت ختم ہونے کی وجہ سے اسٹال کو بند کرکے رش والی لائن کو ختم کیا گیا یہ سب لوگ مہندی لگوانے کے لئے کھڑے تھے ۔

سفیر پاکستان اپنے اہل خانہ کے ساتھ سارا دن اسٹال پر موجود رہے ۔اسی طرح قونصلر شہزاد حسین مع فیملی اور قونصلر امتیاز فیروز گوندل بھی اپنے اہل وعیال کے ہمراہ ڈپلو میٹک بازار میں پاکستانی اسٹال پر اپنی ڈیوٹی سر انجام دیتے رہے اور ساتھ ساتھ غیر ملکیوں کو پاکستانی اسٹال پر رکھی اشیاء کے بارے میں معلومات بھی فراہم کرتے رہے ۔
تازہ ترین