• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحۂ مچھ میں جاں بحق کان کنوں کو سپردخاک کردیا گیا

سانحۂ مچھ میں جاں بحق کان کنوں کو سپردخاک کردیا گیا ہے۔

کان کنوں کی نمازجنازہ علامہ ہاشم موسوی نے پڑھائی،نمازجنازہ میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، معاون خصوصی زلفی بخاری ،وزیراعلیٰ کے مشیر عبدالخالق ہزارہ، رکن اسمبلی قادر نائل، صوبائی وزراء میر ضیاء لانگو، میر عارف جان محمد حسنی اور دیگرحکام بھی موجود تھے۔

سانحۂ مچھ میں جاں بحق کان کنوں کی تدفین میں شرکت کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہے، رہنماء ایم ڈبلیو ایم علامہ راجا ناصر عباس، دیگر رہنماء ہزارہ قبرستان پہنچ گئے ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے امام بارگاہ ولی عصرمیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اصل مطالبہ ہے دہشت گردوں کو گرفتار اور جوڈیشیل کمیشن بنایا جائے، مرنے والوں کے لواحقین مظلوم لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لواحقین کو بلیک میلنگ کا کہنا قابل مذمت ہے، وہ تو اپنا دفاع نہیں کرسکتے۔

تدفین کےحوالے سے بات چیت میں مجلس وحدت المسلمین کےرہنماء ناصر عباس شیرازی کا کہناتھا کہ میتوں کی تدفین سے متعلق فیصلہ ہوگیا ہے تمام میتوں کی تدفین کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں ہی ہوگی ، تمام میتوں کے شرعی وارث یہیں ہیں۔

اس سے قبل کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن کے قبرستان میں تدفین کےلئے 10قبریں تیار کی گئی ہیں۔

دوسری جانب سانحۂ مچھ میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے ورثاء کے مطالبے پر وزیرِ اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر بلوچستان کے دارالخلاف کوئٹہ جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشیداحمد اور دیگر وزراء بھی کوئٹہ جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان کوئٹہ میں سانحۂ مچھ میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے لواحقین سے تعزیت کریں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دورۂ کوئٹہ کے موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان ہزارہ برادری کے معززین اور علمائے کرام سے بھی ملاقات کریں گے۔

تازہ ترین