• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما، براڈشیٹ نے حکمران اشرافیہ کی کرپشن اور منی لانڈرنگ بے نقاب کی، عمران خان

پاناما، براڈشیٹ نے حکمران اشرافیہ کی کرپشن اور منی لانڈرنگ بے نقاب کی، عمران خان


اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اشرافیہ کی کرپشن پاکستان کی ترقی کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے‘ یہ اشرافیہ انتقام کارڈ کے پیچھے نہیں چھپ سکتی‘پہلے پاناما پیپرز اور پھر براڈ شیٹ نے ہماری حکمراں اشرافیہ کی کرپشن اور من لانڈرنگ کا پردہ چاک کیا۔

اشرافیہ نے این آر او کے ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنی دولت کو تحفظ دیا اور عوام کو خسارے میں رکھا‘ ایک پاکستانی سیاستدان نے سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر برطانیہ کے بینک میں منتقل کئے‘جب وزیراعظم چوری کریگاتو رجحان نیچے تک جائے گا‘جاننا چاہتے ہیں براڈشیٹ کو مزید تحقیقات سے کس نے روکا۔

بدھ کو اپنے بیان میں عمران خان نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں براڈ شیٹ مکمل شفافیت سےتحقیقات کرے‘کرپشن کے یہ انکشافات ابھی صرف آغاز ہیں۔یہ جب اقتدار میں آتے ہیں تو لوٹ مارکرتے ہیں‘ اس صورتحال میں سب سے زیادہ نقصان عوام کوپہنچتاہے ۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ کیوں بار بار یہ انکشافات ہورہے ہیں،یہی بات میں کرپشن کے خلاف اپنی 24 سالہ جدوجہد میں کرتا آرہا ہوں اور یہ کرپشن پاکستان کی ترقی کے لئے خطرہ ہے۔

اشرافیہ نے بعد میں این آر او کا سہارالیا، این آر دینے سے نہ صرف قوم کی لوٹی دولت بلکہ اس کی واپسی کے لئے عوام کے ٹیکس سے دیئے گئے پیسے بھی ضائع ہوئے،این آراو کی وجہ سے لوٹی دولت وصول نہ کی جاسکی اور ضائع ہوگئی۔ 

براڈ شیٹ واضح کرے کہ کس کے کہنے پر تحقیقات روکی گئیں،اشرافیہ بیرون ملک اثاثوں کے تحفظ کے لئے منی لانڈرنگ کرتی ہے تاکہ ان کے خلاف ملک میں کارروائی بھی نہ ہوسکے۔

دریں اثناءعمران خان نے کہا ہے کہ تبدیلی کے راستے میں ”اسٹیٹس کو“ سے چپکے لوگ رکاوٹ ہیں‘ رشوت اور کرپشن والے ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتے۔

تازہ ترین