• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جھانوی کپور کو بھارتی پنجاب میں کسانوں نے فلم کی شوٹنگ سے روکدیا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپورکو بھارتی پنجاب میں کسانوں نے فلم کی شوٹنگ سے روک دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 11جنوری کو پنجاب کے علاقے فتح گڑھ صاحب میں فلم ʼگڈ لک جیری کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا۔رپورٹ کے مطابق فلم کی شوٹنگ کے دوران مظاہرین نے فلم کے عملے اور ادکاروں کا گھیراؤ کرلیا اور مطالبہ کیا کہ متنازع زرعی قوانین کے حوالے سے بیان دیں۔ کسانوں کا کہنا تھا کہ بولی وڈ کی جانب سے ابھی تک ہمارے حق میں کوئی بیان نہیں دیا گیا اور نہ ہی کوئی تبصرہ کیا گیا،جس پر فلم ڈائریکٹر نے یقین دلایا کہ فلم کی ہیروئین جھانوی کپور اس حوالے سے ضرور بیان دیں گی جس کے بعد مظاہرین وہاں سے چلے گئے اور شوٹنگ دوبارہ شروع ہوگئی۔ بعد ازاں جھانوی کپور نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ میں لکھا کہ کسان ہمارا دل ہیں اور میں ملک کو خوراک کی فراہمی کے لیے ان کے کردار کو تسلیم کرتی ہوں، مجھے امید ہے کہ اس مسئلے کا جلد حل نکلے گا جو کہ کسانوں کے حق میں ہوگا۔خیال رہےکہ بھارت میں کسان 51 روز سے کسان مخالف نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کررہے ہیں اور سیکڑوں کسانوں نے نئی دہلی کے مختلف راستوں پر دھرنا دے رکھا ہے۔

تازہ ترین