• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقا پر 2 اسپنرز، 3پیسرز سے حملےکا پلان، سعود شکیل کا ٹیسٹ دیبیو ہوسکتا ہے

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹسمین سعود شکیل کے ون ڈائون پوزیشن پر کھیلتے ہوئے کیریئر کا آغاز کرنے کے امکانات خاصے روشن ہیں ۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے کامیاب بیٹسمین سعود شکیل اس سال قائد اعظم ٹرافی میں سندھ کیلئے کئی اچھی اننگز کھیل چکے ہیں۔ تجربہ کار اسد شفیق کی واپسی مشکل ہے۔ امام الحق بدستور ان فٹ ہیں اس لئے عابد علی کے ساتھ اظہر علی اننگز اوپن کریں گے ۔ بابر اعظم چوتھے، فواد عالم پانچویں اور محمد رضوان چھٹے نمبر پر کھیلیں گے۔ پاکستان ممکنہ طور پر دو اسپنرز اور تین فاسٹ بولروں کے ساتھ نیشنل اسٹیڈیم کی اسپن بولنگ کے لئے سازگار پچ پر میدان میں اترے گا۔ نیوزی لینڈ میں خراب کارکردگی پر اوپنر شان مسعود، مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل ، فاسٹ بولروں نسیم شاہ اور محمد عباس کے علاوہ لیفٹ آرم اسپنر ظفر گوہر کو ڈراپ کرنے کی تجویز ہے۔یاسر شاہ یقینی طور پر کھیلیں گے۔ جبکہ دوسرے اسپنر کے لئے آف اسپنر ساجد خان اور لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی میں مقابلہ ہے۔ فاسٹ بولنگ میں حسن علی کی ڈیڑھ سال بعد پاکستانی ٹیم میں واپسی ہورہی ہے۔ حسن علی پاکستان کپ کا میچ چھوڑ کر اس وقت لاہور میں ہیں جہاں ان کا بھی کوویڈ ٹیسٹ ہوا ہے۔ جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف دیگر دو فاسٹ بولر ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ محمد وسیم کا پہلا امتحان جمعے کو شروع ہورہا ہے جب سابق ٹیسٹ بیٹسمین سہ پہر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 20رکنی ٹیم کا اعلان کریں گے۔ ٹیسٹ میچ سے پہلے سولہ رکنی کا اعلان کیا جائے گا۔ 20کھلاڑیوں میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پرفارمر کامران غلام بھی شامل ہوں گے۔ کپتان بابر اعظم، ہیڈ کوچ مصباح الحق کے ساتھ ایک ایسی ٹیم بنانے کی کوشش کررہے ہیں جس میں ٹیل اینڈرز بھی بیٹنگ کرسکیں۔امام الحق کو مکمل فٹ ہونے کے لیے وقت درکار ہے۔

تازہ ترین