• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرولیم مصنوعات مہنگی، پٹرول3.20، ڈیزل2.95، مٹی کے تیل کی قیمت میں3 روپے لٹر اضافہ

پٹرول3.20، ڈیزل2.95، مٹی کے تیل کی قیمت میں3 روپے لٹر اضافہ


اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، نمائندہ جنگ) وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری دیدی ہے۔ 

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے فی لٹر ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 95 پیسے فی لٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3روپے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 4روپے 42 پیسے فی لٹر اضافہ کی منظوری دی گئی ہے۔ 

وزیر اعظم نے پٹرول 13.07 روپے فی لیٹر بڑھانے کی سمری منظور نہیں کی ۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جمعہ کویہاں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 3.20 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت2.95 روپے، کیروسین آئل 3روپے اورلائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4.42 روپے اضافہ کردیا گیا ہے ۔ 

قیمتوں میں اضافہ کے بعد پٹرول کی نئی قیمت109.20روپے، ہائی اسپیڈڈیزل 113.19، کیروسین آئل 76.65 روپے اور لائٹ ڈیزل کی فی لیٹرقیمت 76.23 روپے ہوگئی ہے۔ نئی قیمتوں کااطلاق 16 جنوری سے 31جنوری 2021 تک ہوگا۔ ا وگرا نے قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ 

دوسری جانب اپوزیشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ 

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی نااہلی و نالائقی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ جب دیکھو، سلیکٹڈ حکمران بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی تیاریوں میں لگے ہوتے ہیں۔ 

دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر روز مہنگائی کی چکی میں پستی عوام پر ایک نئی قیامت ڈھائی جارہی ہے۔ 

جمعہ کو سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب ہر روز مہنگائی کی چکی میں پستی عوام پر ایک نئی قیامت ڈھائی جارہی ہے۔ کیا ہم گھر بیٹھ کر آپ کے مظالم دیکھتے رہیں؟ بالکل نہیں، مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ آپ پوچھتے ہیں کہ اپوزیشن کیا چاہتی ہے؟ اپوزیشن عوام کو آپ کے عذاب سے نجات دلانا چاہتی ہیں۔ 

علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ نے ملک کے اثاثے ضبط کرانے کے ساتھ عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرا دیا،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل برداشت ہے یہ فوری واپس لیا جائے۔ 

سنیٹر مولا بخش چانڈیو نے ایک بیان میں کہا کہ ظالم وقاقی حکومت نے عوام سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا ہے،آخر کب تک لوگوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال کر عمران خان اپنے اے ٹی ایمز کو نوازتے رہیں گے؟ 

دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیلئے اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی مجوزہ سفارشات کے برعکس عوامی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم سے کم اضافے کی منظوری دی ۔ 

وزیر اعظم کو بھیجی جانے والی سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 13.07 روپے فی لیٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل میں 11.03 روپے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 10.55 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 15.33 روپے فی لیٹر اضافہ تجویر کیا گیا جبکہ وزیرِ اعظم نے عوامی مفاد کے پیشِ نظر پیٹرول کی قیمت میں صرف 3.20 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 2.95 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.00 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4.42 روپے فی لیٹر کا اضافہ کرنے کی اجازت دی۔                                   

تازہ ترین