لاہور(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جمعہ کو لاہور میں ملاقات کی جس میں پنجاب کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی امور پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔
پولیس کسی سیاسی اثر ورسوخ کو خاطر میں نہ لائے، انصاف کی فراہمی کی راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے‘ پولیس کا تشخص بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔
عوام کے مسائل کے حل کیلئے صرف میرٹ پر عمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پنجاب پولیس میں اصلاحات اور کارکردگی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
عمران خان نے آئی جی پنجاب انعام غنی کو ہدایت کی کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں‘ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں جس کا نقصان لوگوں کو اٹھانا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ پولیس سے تب مطمئن ہوں گے جب آپ سب سے یکساں اور قانون کے مطابق سلوک کریں گے۔