• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک مسائل، ویگن سٹینڈز کی جنرل بس سٹینڈ منتقلی میں پیشرفت

ملتان (سٹاف رپورٹر )ضلعی انتظامیہ نے شہر کے ٹریفک مسائل کے حل کے لئے پلاننگ تیز کردی ہے اور اس بارے میں ڈیرہ اڈا سے ڈی کلاس ویگن اسٹینڈز کی جنرل بس اسٹینڈ منتقلی میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے، ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے ڈیرہ اڈا میں قائم ڈی کلاس ویگن اسٹینڈز کی انتظامیہ کا اجلاس گزشتہ روزطلب کیا، جنرل بس اسٹینڈ میں منعقدہ اجلاس میں العباس،الشہباز اور شالیمار فلائنگ کوچ کے منیجرز نے شرکت کی، اس موقع پر سیکرٹری آرٹی اے اور منیجرز نے جنرل بس اسٹینڈ میں خالی پلاٹوں کا دورہ بھی کیا اور اس حوالے سے سیکرٹری آر ٹی اے نے سپرنٹنڈنٹ جنرل بس اسٹینڈ کو ٹرمینلز کے قیام کے لئے خالی پلاٹوں کے سائز بارے رپورٹ تیار کرنیکی ہدایت کی۔سیکرٹری آر ٹی اے نے اجلاس میں موجود اسٹینڈز کے مالکان اور منیجرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنیوالے دنوں میں میگا سٹی کے حوالے سے ملتان شہر کا نقشہ تبدیل ہونیوالا ہے،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک شہر سے ویگن اور ٹرک اسٹینڈز کی فوری منتقلی کے خواہاں ہیں،رانا محسن نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے رش کے پیش نظر ویگن اسٹینڈز کا شہر سے باہر منتقل ہونا ناگزیر ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے مقدمات خارج ہونے کے بعد ڈی کلاس ویگن اسٹینڈز کا شہر میں قیام بلا جواز ہے،ڈیرہ اڈا میں قائم ویگن اسٹینڈز کے مالکان اور منیجرز جنرل بس اسٹینڈ شفٹ ہونے کی تیاری کریں، مالکان کو جنرل بس اسٹینڈز میں جگہ فراہم کی جائے گی۔سیکرٹری آر ٹی اے نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے تمام اسٹینڈز کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کا حکم دیا ہے۔
تازہ ترین