• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسد منیر کی خودکشی، ذمہ دار نیب، آرمی چیف تحقیقات کرائیں، سلیم مانڈوی والا

اسد منیر کی خودکشی، ذمہ دار نیب، آرمی چیف تحقیقات کرائیں، سلیم مانڈوی والا


اسلام آباد( نمائندہ جنگ، آن لائن) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والانےکہاہےکہ مرحوم بریگیڈئر اسد منیر نے نیب کیسز کی وجہ سے خودکشی کی، برگیڈئیر صاحب کے حوالے سے آرمی چیف کو نوٹس لینا چاہیے، کل کسی بھی ریٹائرڈ فوجی کے ساتھ کچھ بھی ہوسکتا ہے، نیب مجھے میری جدوجہد سے روک نہیں سکتا، نیب کسی کو کسی قابل نہیں چھوڑتا، نیب اس وقت تھانے سے بھی برا ادارہ بن گیا ہے، نیب کیخلاف میری تحریک اسٹحقاق واپس نہیں ہوگی۔ گزشتہ روز بریگیڈیئر(ر) اسد منیر کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نےکہاکہ مرحوم بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد منیر کی خودکشی کی وجہ نیب تھا، نیب اپنا طریقہ درست کرے اور لوگوں کو ہراساں نہ کرے، اسد منیر نے خود کشی کیوں کی؟ حقائق سامنے لائینگے ، پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کرکہا کہ پارلیمنٹ ڈری ہوئی ہے، ہر آدمی ڈرا ہوا ہے، کوئی بھی بولے گا تو اس کو نیب کا نوٹس آجائیگا۔انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں یہ تمام چیزیں عدالت کے سامنے رکھی جائیں، چیئرمین نیب کو خارجہ کمیٹی بھی طلب کر چکی ہے، چیئرمین نیب اور افسران اور اپنا احتساب دینگے، نیب کیخلاف میری تحریک استحقاق آج بھی موجود ہے، اگر کوئی سمجھتا ہے تحریک استحقاق واپس ہوگی تو یہ غلط فہمی ہوگی، حالات ایسے بن گئے ہیں میں مختلف قدم اٹھائوں گا۔سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ میں پورے پاکستان جاؤنگا، میں اکاؤنٹنٹ جنرل خرم ہمایوں کے گھر بھی جاؤنگا اور نیب سے متاثرہ افراد سے ملوں گا۔ دریں اثنا سلیم مانڈوی والا نے پمز اسپتال میں جاری احتجاج میں شرکت کی۔ اور ایم ٹی آئی آرڈیننس کیخلاف احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے مسائل سنے اور ان سے اظہار یکجہتی کیا۔ احتجاجی ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پمز اسپتال کو اس حالت میں دیکھ کر مجھے بہت افسوس ہو رہا ہے، مسئلے پر سینیٹ میں آواز اٹھاوں گا۔ ایم ٹی آئی آرڈیننس کا بل ہوا میں اڑا دیا جائے گا اور پمز ملازمین کے مسائل حل کیئے جائینگے۔

تازہ ترین