• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی پارلیمنٹ کو بدستور خطرہ، مسلح شخص کی عمارت میں گھسنے کی کوشش

واشنگٹن(آئی این پی) امریکی کانگریس کی عمارت کیپیٹل ہل میں ہزاروں فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کے باوجود ایک مسلح شخص نے ریڈ زون سے ہوتے ہوئے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب 20جنوری کو ہونی ہے اور 6جنوری کو کانگریس عمارت پر حملے کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سخت سیکورٹی نافذ کردی گئی ہے تاہم ایک مسلح شخص تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے عمارت کے نہایت نزدیک پہنچ گیا۔کانگریس کی عمارت کے تحفظ کے لیے موجود فوجی اہلکاروں نے خطرہ بھانپتے ہوئے مذکوری شخص کو اندر داخل ہونے سے روک دیا اور تلاشی لینے پر ایک پستول اور 500گولیاں برآمد کرلی ہیں۔ مسلح شخص نے ریڈ زون اور عمارت میں داخل ہونے کے لیے ایک جعلی اجازت نامہ بنا رکھا تھا۔مسلح شخص کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے تاہم اس کی شناخت تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ظاہر کی جائے گی اور تاحال مذکورہ شخص کی اس علاقے میں موجودگی کی وجہ کا بھی تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔واضح رہے کہ 6جنوری کو ٹرمپ کے حامیوں نے کانگریس کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد دارالحکومت میں نومنتخب صدر جوبائیڈن کی حلف برداری کے لیے 20 ہزار فوجی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
تازہ ترین