• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکہ میں پیدا ہونیوالا بچہ ایک سال بعد پاکستان پہنچادیا گیا

مکہ مکرمہ(شاہدنعیم)گزشتہ سال عمرے کی ادائیگی کے دوران پاکستانی جوڑے کے ہاں پیدا ہونے والے بچے کو ایک سال کے بعد پاکستان میں والدین کے حوالے کردیا گیا جو قبل از وقت پیدائش کے بعد خرابی صحت کی وجہ سے مکہ مکرمہ کے ایک اسپتال میں زیرعلاج تھا۔پاکستانی میاں بیوی کو کورونا کی وباءکے باعث پاکستان لوٹنا پڑا تو ان کی غیر موجودگی میں ایک سال تک بچے کی دیکھ بھال سعودی حکومت کے اخراجات پر جاری رہا۔ جمعہ کو ایک سالہ عبداللہ کو جدہ سے طیارے کے ذریعے کراچی اور پھر کوئٹہ پہنچا کر ائیرپورٹ پر اسکےوالدغلام حیدر اور والدہ حاجرہ بی بی کے حوالے کیا گیاتو وہ خوشی کے جذبات سے سرشار دکھائی دئیے مکہ مکرمہ کے اسپتال کی انتظامیہ بھی والدین سے ہمہ وقت رابطے میں رہی ۔ وہ ہر مرحلے پر انہیں آگاہ کرتے رہے ۔بچہ دو ماہ تک انکیوبیٹر اور آئی سی یو میں رہا اس کے بعد اسے وارڈ شفٹ کیا گیا۔ایک سال تک دیکھ بھال کے بعد پاکستانی بچے کو قونصل ویلفیئر ثاقب علی خان کے حوالے کیا تاکہ بچے کو پاکستان روانہ کیا جاسکے۔ اسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہلال المالکی نے بتایا کہ بچہ آپریشن سے پیدا ہوا تھا۔ اس کا وزن ایک کلو تھا اور پری میچور تھا۔ اسے 46 دن تک مصنوعی تنفس پر رکھا گیا۔انتہائی نگہداشت کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر عطیہ بن صالح الزہرانی نے جو زچہ بچہ اسپتال میں میڈیکل ڈائریکٹر بھی ہیں بتایا کہ پاکستانی بچے کو تقریبا ایک برس تک آئی سی یو رکھنےکے بعد اسے سماجی نگہداشت کے ادارے کے سپرد کردیا گیا تھا۔

تازہ ترین