• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس پی کی ریلی، صحیح مردم شماری ہونے تک کراچی خاموش نہیں رہے گا، مصطفیٰ کمال

صحیح مردم شماری ہونے تک کراچی خاموش نہیں رہے گا، مصطفیٰ کمال


کراچی(اسٹاف رپورٹر )پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے تاریخی احتجاجی ریلی میں حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صحیح مردم شماری نہ ہونے تک کراچی خاموش نہیں رہے گا۔

آج کراچی کا فیصلہ سن اور دیکھ لو، پھر فیصلہ کرو کہ ہمیں صحیح گنتے ہو یا ہم آئیں گنتی کرانے؟ آج کی ریلی اور مظاہرہ ایک ٹریلر ہے، اگر مردم شماری ٹھیک نہیں کرائی گئی تو ہم شہر بند کردینگے۔

شہر بھر میں جگہ جگہ مطالبہ منظور ہونے تک دھرنا دے کر بیٹھ جائیں گے، حکمرانوں کا چلنا پھرنا دوبھر کردیں گے۔ہمیں ہمارا حق دو، 70سال سے ریاست ہمیں گننے سے ڈر رہی ہے، میں خاموش نہیں رہوں گا، آخری سانس تک لڑوں گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں پاک سرزمین پارٹی کی جانب سے متنازع مردم شماری کی حتمی منظوری کیخلاف 17جنوری 2021 اتوار کو کراچی پریس کلب تک عظیم الشان احتجاجی ریلی اور مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مصطفیٰ کمال پیچھے ہٹنے سے انکار کرتا ہے کیونکہ تم پاکستان کی معاشی شہ رگ میں احساس محرومی بڑھا کر کل کے دہشت گرد آج پیدا کررہے ہو اور پھر جب وہ مایوسی کا شکار ہوکر کوئی قدم اٹھائے گا تو تم انکاؤنٹر کرنا شروع کردو گے۔ 

پیپلز پارٹی کو یہ جعلی مردم شماری سوٹ کرتی ہے، وہ کبھی ٹھیک مردم شماری نہیں کرائے گی کیونکہ اگر مردم شماری درست ہوگئی تو سندھ سے پیپلز پارٹی کی حکومت کا خاتمہ ہوجائیگا۔ پیپلزپارٹی کی وجہ سے پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت چل رہی ہے۔ 

تحریک انصاف سندھ کی لیڈر شپ عمران خان سے مخلص نہیں پھر عمران خان نے چوروں کو اپنے ساتھ ملایا ہوا ہے جو سب کا کام لگا چکے ہیں، کل زرداری ان کو دو وزارتیں دے گا تو ان کے ساتھ مل کر آپ پر تبرا بھیج رہے ہوں گے، عمران خان صاحب آپ کن لوگوں کے چکر میں آگئے ہیں؟ مردم شماری کی منظوری کا فیصلہ واپس لیں، حکمرانوں ایک درست یوٹرن لو، تمہارے سارے یوٹرن معاف۔ 

میں چیف جسٹس پاکستان سے کہتا ہوں خدا کے واسطے مردم شماری پر نوٹس لے لیں چیف جسٹس صاحب نادرا کا ریکارڈ اور الیکشن کمیشن سے ووٹر لسٹ منگوالیں سب سامنے آجائے گا ، ووٹر لسٹ میں لوگ زیادہ ہیں مردم شماری لسٹ میں لوگ کم ہیں۔ 

وزیراعظم ناجائز مردم شماری کو جائز قرار نہ دیں، ہم اس مردم شماری کو متنازع قرار دینے کا ہی مطالبہ کررہے ہیں کیونکہ اگر ایسا نہ ہوا تو آنے والی سات نسلوں کو بھی صحیح نہیں گنا جاسکے گا۔ 

پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم دونوں نے کراچی کے عوام کا سودا کیا ہے،پہلے متنازع مردم شُماری منظور کراتے ہیں پھر سپریم کورٹ جانے کا ڈرامہ کرتے ہیں۔ 

نادرا کا ریکارڈ اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے بیان گواہ ہیں کہ کراچی کی آبادی تین کروڑ ہے ،تین سال سے جس متنازع مردم شماری کو قانونی شکل نہیں دی گئی اس متنازع مردم شماری پر وفاقی کابینہ نے تصدیق کی مہر لگادی۔

پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کو ہزاروں ارب ملے لیکن کراچی سمیت سندھ میں ترقیاتی کام نہیں ہوئے، کراچی کو دنیا کا بدترین شہر بنا دیا ہے، پیپلز پارٹی سے امید نہیں ہے کہ وہ انقلاب لائے گی صوبے کی تباہی میں خود پیپلز پارٹی کا ہاتھ ہے۔

چالیس سال سے مسلک اور رنگ نسل کہ بنیاد پر کراچی کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے اختتام کا وقت آگیا ،اب کراچی خاموش نہیں رہے گا،تین کروڑ عوام کراچی کا ایک ایک بچہ نوجوان بزرگ اور خواتین حکمرانوں کر پکڑ کر خود کو گنوائیں گے۔

تازہ ترین