• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی نے انتخابات جیتنے کیلئے خطرناک فوجی ایڈونچر کیا، وزیراعظم عمران خان


وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نےذمہ دارانہ رویئے اور بالاکوٹ پر مناسب جواب کے ذریعہ بڑے بحران کو ‏روک لیا، مودی نے انتخابات جیتنے کے لیے خطرناک فوجی ایڈونچر کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارت سے متعلق پیغامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے 2019ء میں اقوام متحدہ میں تقریر کے دوران بھارتی سفاکی کو عیاں کیا،‏ میں نے بتایا کہ کیسے فاشسٹ مودی حکومت نے بالاکوٹ واقعے کوانتخابی نتائج ‏کےحصول کے لیے استعمال کیا، حالیہ انکشافات نے مودی سرکاری اور بھارتی میڈیا کے ناپاک گٹھ جوڑ بے نقاب کردیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ انتخابات جیتنے کے لیے خطرناک فوجی مہم جوئی خطے کو غیر مستحکم کرنے کا باعث ‏بنی۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ذمہ داری کے باوجود مودی حکومت بھارت کو خطرناک ریاست بنانے پر تلا ہوا ہے، مودی بھارت کو ایسا ملک بنا رہا ہے جو دوسرے ممالک کے لیے خطرناک ہو۔

 انہوں نے مزید کہا ہے کہ بھارتی ایڈونچر پورے خطے کو عدم استحکام کا شکار کرسکتا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے بالاکوٹ واقعے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بالاکوٹ واقعے پر پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطہ کو بڑے بحران سے بچایا۔

اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی صحافی کی حالیہ گفتگو سے بھارتی میڈیا اور مودی سرکارکا ‏ناپاک گٹھ جوڑ بےنقاب ہوا، پاکستان بھارتی مذموم عزائم کو بے نقاب کرتا رہے گا،  عالمی برادری بھارت کے ناپاک ارادوں سے روکنے کے لیے اقدامات کرے۔

وزیراعظم عمران خان کا بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ مودی حکومت نے بھارت کوشدت پسند ریاست بنانے کا کام جاری رکھا، ‏بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے، بھارت کی جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف وزیاں بے نقاب ہوئیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ بھارت کی پاکستان کے خلاف 15 سال کی عالمی ڈس انفارمیشن مہم بےنقاب ہوئی ہے۔

تازہ ترین