اپوزیشن جماعت جمعیت علماء اسلام (ف) کے سینئر رہنما مولانا عطا الرحمٰن نے کہا ہے کہ اس قوم کو عمران خان نیازی کے واپس جانے کا انتظار ہے۔
اسلام آباد میں ڈی چوک پر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے احتجاجی ملازمین سے خطاب میں مولانا عطا الرحمٰن نے کہا کہ آج پوری قوم اور ہر شعبہ احتجاج پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پمز جیسے ادارے کے انتہائی قابل ملازمین بھی سراپا احتجاج ہیں، اس قوم کو دراصل عمران خان نیازی کے واپس جانے کا انتظار ہے۔
جے یو آئی رہنما نے مزید کہا کہ آج اپوزیشن جماعتیں اور عوام سراپا احتجاج ہیں، میں پمز ملازمین کو یقین دلاتا ہوں کہ اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) اور جے یو آئی آپ کے ساتھ ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارا اور آپ کا واسطہ جن لوگوں سے پڑ گیا ہے یہ لوگ لاتوں کے بھوت ہیں جو باتوں سے ماننے والے نہیں۔
مولانا عطا الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ کل الیکشن کمیشن کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے آرہے ہیں، ان کو کہتا ہوں کہ کل کہ پی ڈی ایم کے جلسے کو روک کر دکھائیں۔