لاہور (صابر شاہ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج اپنی حکومت کی میعاد مکمل ہونے پر 100 مزید افراد کو صدارتی معافی دینے کا اعلان کرسکتے ہیں۔
امریکا کی تاریخ میں صدر فرینکلن روزویلٹ نے سب سے زیادہ صدارتی معافیاں دیں جن کی تعداد 3796 ہے جو کہ اب تک کا ریکارڈ بھی ہے۔
تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 20 ویں صدی میں امریکی صدور نے بیس ہزار سے زائد افراد کو صدارتی معافیاں دیں۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، صدر ٹرمپ نے گزشتہ دو روز میں 41 افراد کو صدارتی معافی دی اور 8 افراد کی سزائوں میں کمی کی۔
انہوں نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں 24 افراد کی سزائیں کم کیں، جب کہ محکمہ انصاف کو 9200 درخواستیں سزائیں کم کرنے سے متعلق موصول ہوئی تھیں۔
ٹرمپ نے کانگریس کے سابق ریپبلکن ارکان کو بھی صدارتی معافی دی ان میں ڈنکن ہنٹر، کرس کولنز اور اسٹیو اسٹاک مین شامل ہیں۔ جب کہ کونراڈ بلیک جو کہ صدر ٹرمپ کے دوست ہیں ان کی 12 سال کی مکمل سزا معاف کی گئی۔
اسی طرح فلم ساز دنیش ڈی سوزا کی سزا بھی معاف کردی گئی۔ امریکی تاریخ میں بعد والے صدور نے گزشتہ صدور کو بھی معافیاں دی ہیں۔
ستمبر، 1974 میں صدر نکسن نے واٹر گیٹ اسکینڈل کی وجہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ جس کے بعد جیرالڈ فورڈ نے صدر کا عہدہ سنبھال کر انہیں غیرمشروط معافی دی تھی۔
صدر ٹرمپ نے اپنے کئی دوستوں کو بھی صدارتی معافی دی۔ انہوں نے اپنے دوست جوئے ارپایو کو صدارتی معافی دی۔ تاہم، اس سے قبل صدر بل کلنٹن نے بھی 2001 میں اپنے سوتیلے بھائی راجر کلنٹن کو معافی دی تھی۔
امریکی تاریخ کے سب سے پہلے صدر جارج واشنگٹن کی صدارتی معافیاں متنازعہ اور غیرمتنازعہ دونوں طرح کی رہیں۔
1795 میں انہوں نے دو افراد کو معافی دی حالاں کہ دونوں 1794 کی بغاوت میں ملوث تھے۔ امریکی تاریخ میں ایسا کیس بھی ملتا ہے، جس میں ایک شخص کو صدارتی معافی دی گئی مگر اس نے معافی قبول کرنے سے انکار کردیا۔
1833 میں صدر اینڈریون جیکسن نے جارج ولسن کو معافی دی، جسے سزائے موت سنائی گئی تھی۔ یہ کیس سپریم کورٹ گیا جس نے معافی مسترد کردی۔ جس کے بعد اسے پھانسی دے دی گئی۔
امریکا کے پیو ریسرچ سینٹر کے مطابق، 1900 سے اب تک دی جانے والی صدارتی معافیوں کی تعداد اس طرح ہیں۔ بارک اوباما نے 1927، جارج بش جونیئر نے 200، کلنٹن نے 459، جارج بش سینئر نے 77، ریگن نے 406، جمی کارٹر نے 566، فورڈ نے 409، نکسن نے 926، جانسن نے 1187، کینیڈی نے 575، آئزن آور نے 1157، ٹرمین نے 2044، فرینکلن روزویلٹ نے 3796، ہوور نے 1198، کولج نے 1691، ہارڈنگ نے 773، ولسن نے 2827، ٹافٹ نے 831، تھیوڈور روزویلٹ نے 1099، میک کنلی نے 446 افراد کو معافیاں دیں۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق، صدر اینڈریو جانسن کو 13 ہزار سے زائد معافی کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں اور انہوں نے 90 فیصد کی سزائیں معاف کیں۔ معافی کی سب سے زیادہ درخواستیں صدر اوباما کو موصول ہوئیں جن کی تعداد چھتیس ہزار سے زائد ہے۔