• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بری ہونیوالے ملزم کی بہو کے اکائونٹس بحال کر نیکا حکم

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج سہیل ناصر نے کراچی کی رہائشی خاتون کے بینک اکائونٹس فوری طور پر بحال کرنے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ اے این ایف کا بدنیتی پر مبنی یہ اقدام عدالتی فیصلے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اے این ایف نے یکم اپریل 2015کو حیات الرحمان اور دعویٰ جان کو پچاس کلو ہیروئن برآمد ہونے پر گرفتار کیا تھا ، دونوں کو دو دسمبر 2017کو سزائے موت سنائی گئی تھی تاہم دوران تفتیش ان ملزمان کا کہنا تھا کہ الٰہی بخش نامی ایک شخص ہمارا مدد گا رتھا جسے اے این ایف نے حراست میں لیا لیکن جرم ثابت نہ ہونے پر گزشتہ سال بیس مارچ کو اسے رہائی مل گئی ،گیارہ مئی کو عدالتی حکم پر الٰہی بخش کی بیوی، بیٹوں اور بیٹیوں کے منجمد اثاثے بھی بحال ہوگئے جس کے بعد اے این ایف نے تیس نومبر کو الٰہی بخش کی بہو اور درخواست گزار نجمہ کے تین بینک اکائونٹس منجمد کر دیئے، نجمہ کی درخواست پر گزشتہ روز عدالت نے کہا کہ بڑی حیرانی کی بات ہے کہ الٰہی بخش کی رہائی کے فیصلے کے باوجود چھ ماہ بعد اس کی بہو کے بینک اکائونٹس منجمد کر دیئے گئے، بدنینی پر مبنی اے این ایف کا یہ قدم حقیقت میں عدالتی فیصلے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے عدالت نے متعلقہ بینکوں کو حکم دیا کہ پندرہ روز میں تمام اکائونٹس بحال کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔
تازہ ترین