• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کے مختلف شہروں میں سوموار کے روز دھند کاراج رہا، کئی مقامات پر دھند کے باعث حدِ نگاہ 50میٹر ہو گئی ۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت بھی برقرار ہے ۔لاہور میں مشرقی بائی پاس رات بھر بند رہنے کے بعدصبح کھولا گیا ۔ہڑپہ، میر داد مافی، کسوال، اقبال نگر ، چیچہ وطنی ، وہاڑی، بورے والا اور گرد و نواح میں بھی شدید دھند ہے۔لاہور ایئرپورٹ شدید دھند کے باعث بند،متعدد پروازیں منسوخ کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔موٹر وے پولیس نے شہریوں کو گاڑیوں کی فوگ لائٹس کے استعمال ،تیز رفتاری سے اجتناب اور غیر ضروری سفر سے گریز جبکہ معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔پچھلے ماہ کے اوائل میں بھی پنجاب پر دھند کی چادر تنی رہی تھی۔ دھند یا کہر جسے انگریزی زبان میں (Fog) کہا جاتا ہے ،درحقیقت سطح زمین کے پاس آبی بخارات کے کثیف یا گاڑھے پن کو کہتے ہیں جو عموماً نظر کو دھندلا دیتا ہے۔ ٹھنڈی ہوا زیادہ درجہ حرارت رکھنے والی زمین یا پانی سے ٹکراتی ہے تو دھند پیدا ہوتی ہے۔ اس کی وجہ زمین اور ہوا کے درجہ حرارت میں تفاوت ہے۔ دنیا بھر میں دکھائی دینے والے موسمی شداید و تغیرات دراصل گلوبل وارمنگ کا شاخسانہ ہیں جن سے ترقی یافتہ دنیا جان بوجھ کر نظریں چرا رہی ہے،سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدہ فرانس سے انکار کر دیا تھا جس کا بنیادی مقصد زمیں کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کی اجتماعی کاوشیں کرنا ہے،امید ہےکہ اب عالمی برادری بقائے انسانی کے لئے موثر اقدامات کرتے ہوئے فرانس معاہدے کی ازسر نو توثیق کرے گی ۔ دھند کے دنوں میں موٹر وے پولیس کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا اور عوام کا یہ فرض ہے کہ وہ موٹر وے پولیس کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی زندگی کو محفوظ بنائیں۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین