• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز، پاکستان کو نشانہ بنانے کی 15سالہ طویل بھارتی کوشش بے نقاب

اسلام آباد (نیوز رپورٹ) سبھی جانتے ہیں کہ بھارت نے ہمیشہ سے پاکستان کیخلاف پراپیگنڈے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ حالیہ برسوں میں، ہندوستان نے ہائبرڈ جنگی حربوں کے ذریعے پاکستان کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر الگ تھلگ کرنے کی کوششوں میں میںشدت آئی ہے۔2014کی ڈووال ڈاکٹرائن کو اس ضمن میں ایک مثال کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے، یہ ڈاکٹرائن پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور اس کے معاشرے کو نقصان پہنچانے پر مرکوز ہے، جو ایک ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری سے صاف ظاہر ہے۔ تازہ واقعہ میں برسلز میں مقیم ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) نے جعلی خبروں کے ذریعہ پاکستان کو نشانہ بنانے کی بھارت کی 15؍ سالہ طویل کوشش کو بے نقاب کیا ہے۔ ڈس انفولیب نے ’ہندوستانی کورونیکلز:ہندوستانی مفادات کیلئے یوروپی یونین اور اقوام متحدہ کو ہدف بنانے کا 15 سالہ آپریشن ‘ کے عنوان سے اپنی رپورٹ میں اس بھارتی سیٹ اپ کو ’بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے سب سے بڑا نیٹ ورک قرار دیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق 119؍ ممالک میں پھیلی 750سے زائد ہندوستانی ویب سائٹس پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے گزشتہ 15؍ سالوں سے یوروپی یونین اور اقوام متحدہ کے اندر کام کر رہی ہیں۔ اس رپورٹ میں دلیل دی گئی ہے کہ شری واستو گروپ کی زیر سربراہی اس مہم کا مرکز یورپی پارلیمنٹ اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (یو این ایچ آر سی) کے فیصلوں پر اثرانداز ہونا تھا۔اس ضمن میں پاکستان کو کیا کرنا چاہیے؟ وطن عزیز کو سب سے پہلے موجودہ قوانین میں ترمیم اور ضرورت کے مطابق نئی قانون سازی کرنا ہے۔ اس کے علاوہ مضبوط سوشل میڈیا پالیسی کی تشکیل وقت کی ضرورت ہے۔ ملکی محاذ پر میڈیا کو مزید مؤثر ڈھنگ سے ریگولیٹ کرنے اور ترقی یافتہ ممالک کے اختیار کردہ طریقوں پر عمل کرنے کیلئے پاکستان کو اپنے قانونی ضوابط کی مزید جانچ پڑتال کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب پاکستان کو بین الاقوامی برادری پر دباو ڈالنا چاہئے کہ وہ غلط معلومات کے خلاف سخت اقدامات کرے۔

تازہ ترین