• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم لاک ڈاؤن میں ایسٹر کے بعد تک کی توسیع کر سکتے ہیں

لندن(پی اے ) ویکسین لگانے کے باوجود کیئرہومز میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر اب وزیراعظم بورس جانسن لاک ڈاؤن میں ایسٹر کے بعد تک کی توسیع کرسکتے ہیں،جبکہ ایک رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم 2 اپریل کو لاک ڈائون کی پابندیوں میں نمایاں کمی کرنے پر غور کررہے ہیں۔وہائٹ ہال کے ذرائع نے میل کو بتایا کہ ابھی یہ بتانا مشکل ہے کہ لاک ڈائون میں نرمی کب سے اور کیسے کی جائے گی لیکن اس پر خاموشی سے غور شروع کردیاگیا ہے تاہم اس کاانحصار ویکسی نیشن پروگرام کی پیش رفت پر ہوگا،ذرائع کاکہناہے کہ یہ سمجھنا کہ صرف 70سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ویکسین لگادینا کافی ہوگا درست نہیں ہے ،تاہم کنزرویٹو بیک بینچر زنے مارچ کے پہلے ہفتے سے لاک ڈائون کی پابندیاں نرم کرنا شروع کرنے کیلئے دبائو بڑھانا شروع کردیاہے ،کنزرویٹو پارٹی کے سابق قائدسر ڈنکن اسمتھ نے زیادہ خطرے سے دوچار لوگوں کو ویکسین لگانے کا عمل مکمل ہوتے ہی لاک ڈائون میں نرمی کرنے کے مطالبے کی حمایت کی ہے،انھوں نے کہا کہ انتہائی کمزور لوگوں کو ویکسین لگانے کاعمل مکمل ہوجانے کے بعد لاک ڈائون کی پابندیاں جاری رکھنے کاکوئی جواز نہیں رہتا۔کابینہ کے ایک ذریعےنے ڈیلی میل کوبتایا کہ وزیراعظم کو لاک ڈائون کو فوری طورپر ختم کرنے کے حوالے پہلے لاک ڈائون کے مقابلے میں کم فون آرہے ہیں ،اندرونی فرد کاکہناہے کہ کابینہ میں کوئی بھی فی الوقت لاک ڈائون کی پابندیوں میں نرمی کی بات نہیں کررہاہے۔ صورتحال بہت ہی سنگین ہے ،یہ رپورٹس ان خبروں کے سامنے آنےکے بعد آئی ہیں جن میں کہاگیاتھا کہ اسکول کے جن بچوں کو فروری کے ہاف ٹرم کی تعطیل کے بعد کلاس رومز میں آنا تھا انھیں بھی شاید اپریل کے اوائل تک فاصلاتی تعلیم جاری رکھنے پر مجبور کیا جائے۔ملک بھر میں 48 اسکول چلانے والے اوسس اکیڈمی ٹرسٹ کے سربراہ اسٹیو چالک کا کہنا ہے کہ انھیں ایسٹر سے قبل بچوں کی اسکول واپسی کے آثار نظر نہیں آتے،انھوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ ایسٹر سے قبل اسکول کھولے جاسکیں گے۔میں سمجھتاہوں کہ بچے دوسری ہاف ٹرم میں بھی شریک نہیں ہوسکیں گے۔

تازہ ترین