• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی تاجر اور سرمایہ کار برطانیہ کیلئے برآمدات مضبوط بنائیں، طارق وزیر

مانچسٹر(نمائندہ جنگ) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان مانچسٹر اورٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تعاون سے’’برطانیہ میں کھجوروں کی برآمدی صلاحیت‘‘ کے عنوان سے ایک ویبنار کا اہتمام کیاگیاجس کا مقصد پاکستانی تاجروں کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں کھجوروں کی مارکیٹ اور اس کی کاشت کے متعلق معلومات فراہم کرنا اور اس کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط بڑھانا تھا ۔ویبنارمیں سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ ، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی ، سندھ چیمبر آف ایگریکلچر ، سندھ آبادگار فاؤنڈیشن ، ڈھکی ڈیٹس کوآپریٹو سوسائٹی اور بلوچستان کھجور ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے نمائندوں کے ساتھ پاکستان بھر سے لگ بھگ 70 تاجران اور کاشتکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر قونصل جنرل مانچسٹر محمد طارق وزیر نے اپنے افتتاحی کلمات میں پاکستان میں کاشت ہونے والی کھجور کی ا فادیت، اس کےعالمی مارکیٹنگ کے عین مطابق ہونے اور تجارت کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تاجران اور سرمایہ کاروں کو اپنی برآمدات برطانیہ میں مضبوط بنانی چاہئیں اور صنعتی اعتبار سے تازہ کھجوروں کی مارکیٹنگ پر توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے پاکستان سے برآمدات کرنے والوں کو بتایا کہ فی الحال ہماری موسمی اعتبار سے تازہ کھجور برطانیہ کی مارکیٹنگ میں اب تک پوشیدہ ہےجسے اجاگر کرنا ہو گا۔ وزیر تجارت وسرمایہ کاری شفیق اے شہزاد نے شرکاء کو یورپی کھجوروں کی منڈی اور لیبلنگ ، ایس پی ایس اور ٹی بی ٹی اقدامات سے متعلق لاگو ضوابط کے بارے میں آگاہ کیا۔ عبدالکریم میمن ، ڈی جی ٹی ڈی اے پی نے پاکستانی کھجوروں کیلئے بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنے کے لئے ٹی ڈی اے پی کے بارے میں تفصیل سے بتایا ، انہوں نےکہا کہ ٹی ڈی اے پی نے کھجوروں کے سیمپل فراہم کرکے اور ویبنار کے ذریعہ بیرون ملک پاکستان کے سفارتی اور تجارتی مشنوں کے ذریعے کھجور ڈپلومیسی اور شناسائی مہم شروع کر رکھی ہے۔ برطانیہ میں پاکستان نژاد مشہور کاروباری شخصیات سردار شفقت خان،ایس وی پی برطانیہ، پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سی ای او اے بی آئی،انٹرنیشنل فوڈز ، پرویز عالم،سی ای او ورلڈ وائیڈ فوڈز پرائیوٹ لمیٹڈ ، عابد حسین، جی ایم این کیو وی فوڈس پرائیوٹ لمیٹڈ ، خالد محمود چوہدری سی ای او اے اے ویگ پرائیوٹ لمیٹڈ ، بریڈ فورڈ سے ڈاکٹر امجد پرویز نے بھی اپنے تجربات کی روشنی میں حقائق سے آگاہ کیا اور برطانیہ کی کھجور مارکیٹ تک پاکستان کی رسائی کے ذرائع پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کاشتکاروں اور برآمد کنندگان کو یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنے ڈسٹری بیوشن چینلز کا استعمال کرکے اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کریں اور اپنے سٹورز پر کھجوروں کو نمایاں کریں ۔ ویبنار سوالات اور جوابات سیشن کے بعدختم ہوا ،مقررین نے کاشتکاروں اور کھجور تاجران کے پوچھے گئے سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے، شرکاء نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان مانچسٹر اور لندن میں ٹریڈ مشن کی جانب سے پاکستانی مصنوعات اور اس کے فروغ کے ساتھ دونوں اطراف کے سرمایہ کاروں اور تاجران کے مابین روابط کو مضبوط بنانے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔

تازہ ترین