• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی کا 35فیصد ملازمتیں تارکین وطن کیلئے مختص کرنے کا فیصلہ

برلن (این این آئی )جرمن دارالحکومت برلن وہ پہلا وفاقی صوبہ ہے جس نے تارکین وطن کے لیے پبلک سیکٹر میں ملازمتوں کے کوٹے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ایک مسودہ قانون کے مطابق اس شہری ریاست میں 35 فیصد سرکاری ملازمتوں پر تارکین وطن بھرتی کیے جائیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شہری ریاست کی حکومت علاقائی پارلیمنٹ سے ایک ایسا مسودہ قانون منظور کروانا چاہتی ہے، جس کے مطابق آئندہ اس شہر میں پبلک سیکٹر میں جملہ ملازمتوں میں سے 35 فیصد پر ایک کوٹہ سسٹم کے تحت تارکین وطن کے پس منظر کے حامل افراد کو بھرتی کیا جائے گا۔اس کے ادارتی عملے نے اس مسودہ قانون کو دیکھا اور اس میں تجویز کیا گیا کہ اس کوٹہ سسٹم کا اطلاق اس وفاقی صوبے کے تمام عوامی انتظامی اور قانونی اداروں، کمپنیوں اور محکموں پر ہو گا۔اس قانون کے تحت برلن شہر کے صفائی کے محکمے بی ایس آر، علاقائی ٹرانسپورٹ کمپنی بی وی جی، تمام فانڈیشنوں اور عدالتوں پر بھی اس کوٹہ سسٹم کا اطلاق ہو گا۔ صوبائی حکومت کا ارادہ ہے کہ یہ مسودہ قانون اس سال ستمبر میں ہونے والے انتخابات سے پہلے پہلے منظور کر لیا جائے۔اگر برلن کی صوبائی پارلیمنٹ نے یہ مسودہ قانون منظور کر لیا، تو وفاقی جمہوریہ جرمنی کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہو گا کہ کوئی وفاقی صوبہ اپنے ہاں تارکین وطن کے پس منظر کے حامل افراد اور امیدواروں کے لیے باقاعدہ اس طرح کوٹہ سسٹم متعارف کرا دے گا کہ ایک تہائی سے زائد آسامیاں صرف ایسے امیدواروں کے لیے ہی مختص ہوں گی۔
تازہ ترین