کراچی( اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے ریمارکس دیئے کہ سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع کیا کر رہے ہیں۔ اب افسران کو جیلوں میں ڈالیں گے۔ کسی ایک کیس کو مثال بنانا ہوگا۔ ہمارے پاس سوائے غفلت برتنے والوں جیل میں بھیجنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو اور جسٹس عبد المبین لاکھو پر مشتمل ڈویژن بنچ کے روبرو لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے شہریوں کی عدم بازیابی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ درخواست گزار خاتون نے بتایا کہ میرا شوہر عبداللہ 2015 سے لاپتہ ہے۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ 8 جے آئی ٹیز بنائی گئیں مگر ان کے شوہر کا کچھ پتہ نہیں چلا۔