• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بائیڈن پاکستان کے بارے میں بہت اچھے جذبات رکھتے ہیں، مشاہد


کراچی (ٹی وی رپورٹ) چیئرمین سینیٹ خارجہ امور کمیٹی مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ بائیڈن پاکستان کے بارے میں بہت اچھے جذبات رکھتے ہیں، بائیڈن کی افغان پالیسی ٹرمپ سے تھوڑی مختلف ہوگی، بائیڈن اور کملا ہیرس کا کشمیر پر کھل کر بیان دینا خوش آئند بات ہے، پاکستان کے پاس ہندوستان اور کشمیر میں انسانی حقوق کا معاملہ اٹھانے کا یہ نادر موقع ہے۔وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور امریکا میں پاکستان کی سابق سفیر شیری رحمٰن بھی شریک تھیں۔فوادچوہدری نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم بنے تو پاک امریکا تعلقات میں مکمل بریک ڈاؤن تھا، عمران خان نے اقتدار میں آکر امریکا سے تعلقات بحال کیے،ایران، پاکستان اور سعودی عرب کے معاملہ میں اچھی باتیں ہونی والی ہیں، امید ہے بائیڈن انتظامیہ انسانی حقوق پر ہندوستان سے حساسیت کا اظہار کرے گی،وزیراعظم نے غیرملکی فنڈنگ سے متعلق سعودی عرب اور یو اے ای کی بات نہیں کی، ہمارے چین سے تعلقات بہت زبردست ہیں امریکا سے بھی معاشی تعلقات قائم ہونا اہم ہیں۔شیری رحمٰن نے کہا کہ بائیڈن دور میں بھی پاک امریکا تعلقات میں کوئی بڑی تبدیلی نظر نہیں آرہی، امریکا کشمیر اور انسانی حقوق پر شاید کچھ بیانات دیدے لیکن پالیسی میں تبدیلی نہیں آئے گی۔چیئرمین سینیٹ خارجہ امور کمیٹی مشاہد حسین سید نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے جانے کے بعد دنیا میں خوشگوار تبدیلی آنی چاہئے، نریندر مودی کی طرح ٹرمپ کی بدبودار سیاست بھی تعصب، تقسیم اور تضاد پر مبنی تھی، ٹرمپ نے امریکا کو تقسیم کیا وہاں خانہ جنگی جیسی صورتحال پیدا کردی تھی، ٹرمپ ایک خوفزدہ، تقسیم شدہ اور کمزور نیا امریکا چھوڑ کر گئے ہیں، نئے امریکی صدر جوبائیڈن پاکستان کے بارے میں بہت اچھے جذبات رکھتے ہیں۔

تازہ ترین