• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقتصادی رابطہ کمیٹی، 8 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی اجازت

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے8لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کی اجازت،سفید چینی کی کمرشل درآمد اور خام چینی پر ود ہولڈنگ انکم ٹیکس 5.5 فیصد سے کم کر کے 0.25 فیصد کرنےاور چینی کی درآمد پر ویلیو ایڈڈ سیلز ٹیکس ختم کرنے کی منظوری دے دی ، شوگر ملز کو3 لاکھ میٹرک ٹن خام چینی کی درآمد پر ٹیکسوں میں چھوٹ 30 جون 2021 تک دی گئی ہے۔ ای سی سی نے ٹریڈنگ کارپوریشن کو موجودہ سیزن کے دوران ضرورت پڑنے پر 5لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی بھی ہدایت کی ، ای سی سی کا اجلاس بدھ کو وزیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوا ، اجلاس میں وزارت مذہبی امور کی طرف سے روڈ ٹو مکہ پائلٹ پروجیکٹ کو کراچی اور لاہور تک لے جانے کی سمری بھی پیش کی گئی تاکہ حجاج کو سہولت دی جاسکے، ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ ایف بی آر وزارت مذہبی امور سے مشاور ت کرکے تفصیلات طے کرے اور ای سی سی کے اگلے اجلاس میں یہ معاملہ منظوری کیلئے پیش کیا جائے ، ۔ ہوا بازی ڈویژن نے نیویارک میں روز ویلـٹ ہوٹل کو درپیش مالی مسائل کے حل کے لیے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی ازسرنو تشکیل کی سمری پیش کی۔

تازہ ترین