• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلد واپس آؤں گا، ڈونلڈ ٹرمپ کا الوداعی خطاب، وائٹ ہاؤس کو خیر باد کہہ دیا

کراچی ، واشنگٹن (نیوز ڈیسک، اے ایف پی)سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہلیہ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کے ساتھ وائٹ ہاؤس کو خیر باد کہہ دیا ،اپنے جانشین جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری سے چند گھنٹے قبل فلوریڈا کیلئے روانہ ہوگئے ، وہ 150برس میںنئے صدر کی تقریب میں شرکت نہ کرنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے ہیں ۔دوسری جانب اینڈریوز ائیر بیس پرصدارتی طیارے میں سوار ہونے سے قبل اپنے حامیوں ، اسٹاف ممبران اور خاندان والوں سے الوداعی خطاب میں انہوں نے کہا کہ میں جلد کسی شکل میں واپس آئوں گا ، انہوں نے اپنے خاندان والوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ساتھ آنے والی نئی انتظامیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا لیکن نو منتخب صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کا نام نہیں لیا۔انہوں نے کہا کہ میرے چار برس انتہائی شاندار رہے ۔ میں ہمیشہ آپ کیلئے لڑتا رہوں گا۔ وہاں پر موجود حامیوں کے لیے جہاز پر جانے سے پہلے ان کے آخری کلمات تھے کہ ’اچھی زندگی گزاریں، ہم آپ سے جلد دوبارہ ملیں گے۔ وائٹ ہاؤس سے روانگی سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے مختصر خطاب میں کہا کہ ’وائٹ ہاؤس عظیم ترین گھر تھا۔‘کورونا وائرس کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ایک طبی معجزہ کر دکھایا جو کہ وائرس کی ویکسین ہے۔کورونا وائرس کو ’چائنا وائرس‘ کہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ یہ بہت ہی برا تھا‘۔خوشگوار موڈ میں دکھنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حمایتیوں کے سامنے خطاب کرتے ہوئے کہا ’ہم نے اپنا سب کچھ میدان میں چھوڑ دیا۔‘ اس سے قبل ٹرمپ کو لینے کے لیے میرین ون نامی فوجی ہیلی کاپٹر وائٹ ہاؤس کے گراؤنڈ پہنچاتھا۔

تازہ ترین