اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں)پی ڈی ایم نے چیف الیکشن کمشنر کو یادداشت پیش کردی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کیخلاف پٹیشن پر فارن فنڈنگ کیس میں پٹیشن پر جلد فیصلہ کیاجائے اور کیس کی روزانہ کی بنیادوں پرسماعت کی جائے ۔ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں پی ڈی ایم کے وفد نے اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی فوراً نمٹانے کے حوالے سے بات چیت کی اورتجاویز پیش کر دیں۔جبکہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا ہے کہ تحقیقات کی جائے تو عمران خان کا فالودہ نکلے گا،اسکروٹنی کمیٹی کے پاس ہمارے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔الیکشن کمشنر سے ملنے والے وفد میں احسن اقبال، عثمان خان کاکڑ، راجہ پرویز اشرف، میر کبیر اور کامران مرتضیٰ شا مل تھے۔ چیف الیکشن کمشنر کو بتایا گیاکہ گزشتہ روز دفتری اوقات ختم ہونے کے باعث یادداشت پیش نہ کر سکے۔ انہوں نےمطالبہ کیا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات روزانہ کی بنیاد پر کی جائے ۔پی ٹی آئی نے اقرار کیا ہے کہ ان کےا یجنٹس ممنوعہ فنڈنگ لیتے رہے ہیں ،چیف الیکشن کمشنر نے یقین دلایا کہ کیس کا میرٹ کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہاکہ غیر ملکی فنڈنگ کیس کی تحقیقات فوری مکمل ہونی چاہیے، کیس پرعمران خان 6 سال سے این آر او پر ہیں۔