کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعظم عثمان ڈارنے کہا ہے کہ اکبر ایس بابر اپوزیشن کے فرنٹ مین بن چکے ہیں،سینئر تجزیہ کار مشرف زیدی نے کہا کہ ہمارے خطے میں امریکا کا مفاد افغانستان اور انڈیا سے جڑا ہوا ہے،پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ فارن فنڈنگ کے حوالے سے جو چیلنج کیے جارہے ہیں یہ ان کی صرف باتیں ہیں جب وقت آتا ہے تو اسٹے کے پیچھے چھپ جاتے ہیں،رہنما مسلم لیگ نون ملک احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں آپ اس کو لائیو ٹیلی کاسٹ کردیں دوسری طرف ان کے وکلاء سکریٹ پروسیڈنگ کی درخواست دیتے ہیں۔سینئر تجزیہ کار مشرف زیدی نے کہا کہ ٹرمپ کا جانا اور بائیڈن کا امریکی صدارت پر آنا دنیا کیلئے بہت اچھا ہے،بائیڈن کا امریکی صدر بننا ممکن ہے پاکستان کیلئے بھی اچھا ثابت ہو، ہمارے خطے میں امریکا کا مفاد افغانستان اور انڈیا سے جڑا ہوا ہے، امریکا چین کو کاؤنٹر کرنے کیلئے انڈیا کو بطور پراکسی استعمال کرنا چاہتا ہے،پاکستان کی حکمت عملی اچھی رہی تو بدلتی گلوبل صورتحال سے فائدہ اٹھاسکتا ہے، امریکا کا ہندوستان کو ڈانٹنے ڈپٹنے میں کوئی مفاد نہیں ہے، بیس پچیس سال میں امریکا نے کشمیر یا ہندوستان میں مسلمانوں پر مظالم پر سخت موقف اختیار نہیں کیا،عالمی لیڈرز کی آپس میں جان پہچان ملکوں کے درمیان تعلقات میں زیادہ اہمیت نہیں رکھتی ہے، جوبائیڈن کا پاکستان میں سویلین اور ملٹری دونوں حکام کے ساتھ اچھا تعلق رکھا ہے، بائیڈن پاکستان کیلئے شاید کچھ ہمدردی بھی رکھتے ہوں۔معاون خصوصی وزیراعظم عثمان ڈارنے کہا کہ کھلا چیلنج وہی دے سکتا ہے جو مطمئن ہو ہم واحد سیاسی پارٹی ہیں جنہوں نے سیاسی فنڈ ریزنگ کی اور یہ اس کو ٹوئسٹ دینا چاہ رہے ہیں کہ فارن فنڈنگ ہوگئی ہے۔اگر تحریک انصاف کو اربوں روپے کی فارن فنڈنگ اسرائیل سے آرہی تھی تو کیا اس وقت کی حکومت اور ایجنسیاں سوئی ہوئی تھیں وزیر داخلہ کہاں تھے۔ 2012 ءمیں ایک شخص کا نام لے کر کہا گیا اس کی طرف سے اربوں روپے آرہے ہیں اس نے دو سو ڈالر ایک دفعہ اور ساڑے سات سو ڈالر ایک دفعہ وہ بھی اپنے پرسنل اکاؤنٹ سے نہیں اس کی کمپنی سے آئے ہیں جس کی تفصیل ہم نے قوم اور میڈیا کے سامنے رکھ دی ہے ان کے پاس کوئی انفارمیشن نہیں جہاں تک اکبر ایس بابر کی بات ہے وہ اپوزیشن کے فرنٹ مین بن چکے ہیں چونکہ پی ڈی ایم دم توڑ چکی تھی۔ رہنما پیپلز پارٹی ناز بلوچ نے کہا کہ یہ کہتے ہیں پرویز مشرف نے این آر او دیا میں نہیں دوں گا انہوں نے تو پرویز مشرف کو ہی این آرا و دیا ہوا ہے یہ کیوں نہیں بلاتے انہیں فواد ملک آج کہاں ہیں ۔فارن فنڈنگ کے حوالے سے جو چیلنج کیے جارہے ہیں یہ ان کی صرف باتیں ہیں جب وقت آتا ہے تو اسٹے کے پیچھے چھپ جاتے ہیں۔رہنما مسلم لیگ نون ملک احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں آپ اس کو لائیو ٹیلی کاسٹ کردیں دوسری طرف ان کے وکلاء سکریٹ پروسیڈنگ کی درخواست دیتے ہیں۔ تحریک انصاف کہتی ہے ہم نے چالیس ہزار لوگوں کے نام دے دیئے جو فنڈنگ دیتے ہیں دو طرح کی پروسیڈنگ ہیں ایک وہ ہے جو 2002 ءکے قانون کے مطابق سب سیاسی پارٹیوں سے پوچھنا ہے کہ اپنی آڈٹ رپورٹ کا حساب لا کر دیں ، دوسری وہ جیسے آپ میرے خلاف درخواست دے دیں اس کا تقاضہ یہ ہوتا ہے کہ جیسے آپ نے کہا کہ بیس یا تیس بینک اکاؤنٹس ان تک ہمیں رسائی دی جائے کیوں کہ جو لسٹ آپ دے رہے ہیں اس کے علاوہ بھی ہیں ۔ فوادچوہدری کہتے ہیں کہ تفصیلات اس لیے نہیں دی جارہی تھیں کیوں کہ ڈونرز کی بینک اکاؤنٹ کی تفصیل سب کے سامنے آئے گی۔