• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھنی عالم شیر منڈی کی اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرائی جائے، کمشنر

راولپنڈی،اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے،اپنے نامہ نگار سے) کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نےہدایت کی ہے کہ چھنی عالم شیر منڈی کی اراضی کو قبضہ مافیا سے انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے واگزار کرایاجائے اور اس کی چار دیواری بنائی جائے تاکہ اس منڈی کو جلد مکمل فعال کیا جا سکے۔ کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کی خالی سینئر پوسٹوں پر بھرتی سے اس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور نئے افسران کیلئے سب سے بڑا چیلنج چھنی عالم شیر منڈی کا فعال کرنا ہے ۔ یہ باتیں کمشنرنےکیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ جس میں مینیجنگ ڈائریکٹر، چیف فائنینشل آفیسر اور جنرل مینیجر آپریشنز کی پوسٹوں پر سکروٹنی کمیٹی کی طرف سے شارٹ لسٹ امیدواروں کی توثیق کی گئی ۔ دریں اثناء کمشنر نے پاکستان آبی وسائل کی تحقیقی کونسل کا بھی دورہ کیا ، چیئرمین پی سی آر ڈبلیو آر ڈاکٹر محمد اشرف اور دیگر حکام نے پانی کے مسائل کے خاتمہ کیلئے مختلف قسم کے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی، انہوں نے کمشنر کو راولپنڈی کے پانی کے مسائل اور ان کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں، کمشنر نے اس امید کا اظہار کیا کہ راولپنڈی کے پانی کے مسائل حل کرنے کیلئے پی سی آر ڈبلیو آر ان کی تیکنیکی مدد کرے گا ۔ڈاکٹر محمداشرف نے مکمل معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے اپنی ٹیم کو فوری طور پر کمشنر آفس راولپنڈی کی عمارت کے بارشی پانی کو محفوظ کرنے کیلئے تخمینہ لگانے کی ہدایت کی۔
تازہ ترین