• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولی تھین بیگز کیخلاف کارروائی ، دوکاندار اور پولیس میں جھگڑا

پشاور (لیڈی رپور ٹر) پشاور ضلعی انتظامیہ کی بازاروں میں پولیتھین بیگز کے خلاف کارروائی کے دوران دوکاندار پولیس کے د رمیان جھگڑا ہو گیا جسکے بعد بازار میدان جنگ بن گیا،پولیس نے کار سرکار میں مداخلت پر متعدد تاجروں کو گرفتار کیا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اشرف روڈ پر پولی تھین بیگز کے خلاف کریک ڈاون کیا گیا انتظامیہ کی جانب سے اشرف روڈ ہول سیل مارکیٹ میں 8 ہزار کلو گرام بیگز برآمد کیے اور ہزاروں پولیتھین بیگز کو ضبط کر لیا۔ کارروائی کے دوران بازار کے دکانداروں نے کار سرکار میں مداخلت کرنے کی کوشش کی جسکی وجہ سے پولیس اور دکاندار آپس میں گتھم گھتا ہوگئے اور کار سرکار میں مداخلت پر 8دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا ۔پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے تاجر برادری کو خبر دار کیا ہے کہ وہ پولیتھین پلاسٹک بیگز کا استعمال نہ کریں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس ضمن میں تمام انتظامی افسران کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔تاہم تاجروں نے انتظامیہ کی جانب سے کریک ڈاون کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تاجروں کو کاروبار کرنے دیا جائے کیونکہ پہلے کورونا وباء کی وجہ سے معاشی حالات خراب ہیں ایسے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کریک ڈاون وجرمانے تاجروں کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔
تازہ ترین